یوپی : گائے چوری کے فرضی الزام گئو رکھشک کی نشاندہی پر ہجوم کے ہاتھوں ایک نوجوان کا سفاکانہ قتل ، ۳؍ کی حالت نازک
متھرا؍علی گڑھ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) یوپی کے متھرا میں موب لنچنگ کا معاملہ پھر سامنے آگیا ۔ تفصیلات کے مطابق یہاں ’’اج نوکھ ‘‘نامی گاؤں میں گاؤں کے لوگوں نے مبینہ طور پر گایوں کی اسمگلنگ کرکے لے جانے والوں کو گھیر کر بری طرح مارپیٹ کی ۔ اس دوران مبینہ گئو اسمگلروں سے جھڑپ بھی ہوئی ، اور فائرنگ کابھی آپس میں تبادلہ بھی ہوا۔
ہجوم نے چاروں طرف سے گھیر کر ان نوجوان کے ساتھ مارپیٹ کی ،اس مارپیٹ میں ایک شخص کی موت ہوگئی ، جبکہ تین نوجوان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔پولیس نے ان کے پاس سے ایک پک اپ ، اور چھ گائیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ اسمگلر وںنے ہاتھرس سے گائے چوری کی تھی اور اسے کار میں لاد کر میوات لے جارہے تھے ۔
یہ تمام نوجوان علی گڑھ ضلع کے گونڈا قصبے کے رہائشی ہیں ۔ان کے نام بالترتیب یوں ہیں:شیرا ، قدیم ، شہزاد ، انیس ، عبدالرحمن ۔کہاجاتا ہے کہ تقریباً 3 بجے کے قریب اج نوکھ میں گئو شالہ چلانے والے سنت چندر شنکر بابا ، اور گاؤں کے لوگوں کو اطلاع ملی کہ کچھ لوگ گائے چرا کر لے جار ہے ہیں ۔
اطلاع ملنے پر گئو شالہ چلانے والے شنکر بابا کے ایماء پر دوسرے لوگوں نے ان نو جوان کا تعاقب کیا۔تمولا نامی گاؤں کے قریب گاوں والوں نے گھیر لیا، پھر آپس میں فائرنگ بھی ہوئی ،جواب میں ہجوم نے بھی فریضہ مذہبی سمجھ کر فائرنگ کی ۔ آدھے گھنٹے تک فائرنگ کی گئی، گائوں والوں نے انہیں پکڑ لیا،پکڑ کر بے رحمانہ طریقہ سے ان نوجوانوں کو زدوکوب کیاگیا، جس میں شیرا نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا ،
جبکہ اس کے تین دیگر ساتھی بری طرح زخمی ہوگئے۔گاؤں والوں اورمبینہ ا سمگلروں کے مابین مارپیٹ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی دیہات شریش چند پولیس فورس کے ہمراہ موقع پر پہنچے، انہوں نے بتایا کہ گاؤں تمولا میں کچھ لوگوں پر حملہ کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
جو بھی قصوروار ہے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، تاہم یہ ابھی تک واضح نہیں ہوسکا کہ گوشالہ چلانے والے سینت چندرشیکھر کو گایوں کی چوری کے بارے میں کس نے بتایا تھا،اور انہوں نے کس بنیاد پر ان لوگوں کا گھیراؤ کیا ، اور فائرنگ کی ۔اس ذیل میں کئی سوال تشنہ ہیں ، لیکن جس طرح سے ملک کے ماحول کا بگاڑنے کی کوشش کی جارہی ہے ، اس سے اس کا پتہ لگایا جانا مشکل ہے ۔



