یوگ اور آیور وید کی دوگنا خوراک لے رہاہوں ،مجھے ویکسین کی ضرورت نہیں: رام دیو
ہری دوار:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پوری دنیا کرونا کے روک تھام میں ویکسین کو واحد مؤثر ہتھیار سمجھ رہی ہے ، جبکہ دوسری طرف یوگ گرو بابا رام دیو کا دعویٰ ہے کہ وہ کرونا سے بچاؤ کے لئے ویکسین نہیں لیں گے۔ رام دیوکا کہنا ہے کہ وہ یوگ اور آیور ویدادویات کی ڈبل خوراک لے رہے ہیں، تو پھر انہیں اس صورتحال میں کورونا ویکسین لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
پچھلے کئی سالوں سے وہ یوگ کی مستقل مشق کررہے ہیں ، تاکہ کرونا سے بچاؤ ہو۔ رام دیو نے دعویٰ کیا کہ انہیں کورونا ویکسین کی کوئی ضرورت نہیں ہے، ان کا کہنا ہے کہ وائرس کی خواہ کتنی ہی قسمیں دریافت ہوجائیں،انہیں کرونا کا کوئی خطرہ نہیں ہے، کیونکہ کرونا سے دفاع کیلئے وہ مستقل یوگ کر رہے ہیں۔ رام دیو کے مزعومہ ادّعا کے مطابق کرونا کو شکست دینے کے لئے لوگوں کو اپنی قوت مدافعت کے نظام کو مضبوط بنانا ہوگا تاکہ کرونا سے بچا جاسکے۔
لوگوں کو وائرس کی ہر قسم کی مختلف حالتوں سے نمٹنے کے لئے یوگ پر انحصار کرنا چاہیے۔ یوگا گرو بابا رام دیو نے ایک بار پھر ایلوپیتھ کے علاج کے طریقہ کار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سرجری سائنس نہیں ،بلکہ ’مہارت‘ ہے ،ان کا کہنا ہے کہ آنے والے وقت میں لوگ آیوروید پر زیادہ اعتماد کا اظہار کریں گے اور اس کے طبی نظام کو اپنائیں گے۔ کورونا ویکسین پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بابا رام دیو نے کہا کہ کورونا ویکسین 100 فیصد موثر نہیں ہے۔
بابا رام دیو کے مطابق کورونا ویکسین لگانے کے بعد بھی لوگ کرونا کے شکار ہو رہے ہیں، رام دیو کے مطابق ایلوپیتھ ایمرجنسی میں بہت موثر ہے ،لیکن لاکھوں سالوں سے لوگ آیور وید پر بھروسہ کرتے آئے ہیں، پچھلے کئی مہینوں میں کرونا کی وجہ سے لاکھوں افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں کیونکہ ایلوپیتھی میں تمام بیماریوں کا علاج ممکن نہیں ہے۔



