
نندیگرام:(اردودنیا.اِن)الیکشن کمیشن نے بدھ کے روز مغربی بنگال کے مشرقی مدینی پور ضلع میں نندیگرام اسمبلی حلقہ میں سی آر پی سی کی دفعہ 144 کے تحت احکامات نافذ کردیئے۔ جمعرات کو اس ہائی پروفائل سیٹ پر ووٹنگ ہوگی۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس کے علاوہ ای سی نے ایک ہیلی کاپٹر کی مدد سے علاقے میں نگرانی بھی شروع کردی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حلقہ کی حساسیت کے پیش نظر ایسے لوگوں کو جو نندیگرام کے ووٹر نہیں ہیں ، ان کو اس علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ نندی گرام ایک حساس حلقہ ہے جہاں ممتا بنرجی اور شبھیندو ادھیکاری جیسے قدآورامیدوار انتخابات لڑ رہے ہیں۔
ہم یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ امن و امان کی صورتحال خراب نہ ہو اور لوگ بغیر کسی خوف کے ووٹ ڈال سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ممنوعہ احکامات عائد کرنے کی یہی وجہ ہے ، جو جمعہ کی نصف شب تک نافذ العمل رہے گی۔ جو شخص نندیگرام کا ووٹر نہیں ہوگا اسے پولنگ کے اختتام تک علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
عہدیدار نے بتایا کہ اس انتخابی حلقہ میں مرکزی دستوں کی 22 نفری تعینات کی گئی ہے۔ اس علاقے میں کل 355 پولنگ اسٹیشن ہیں اور ان مراکز میں سے 75 فیصد میں ویب کاسٹ کی سہولیات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی فورس نے ریاستی پولیس کے ساتھ مل کر علاقے کے اہم مقامات پر گاڑیوں کی چیکنگ شروع کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نندی گرام میں داخل ہونے سے قبل گاڑیوں کی مکمل تلاشی لی جائے گی۔ باہر کسی بھی گاڑی کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی شخص رخنہ اندازی کی کوشش کرتے پایا گیا تو اس کے ساتھ سختی سے پیش آیا جائے گا۔



