
نئی دہلی، 18 نومبر (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز) دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے 94 لاکھ روپے مالیت کی ایک لگژری گھڑی ضبط کرلی اور اس معاملے میں ایک ہندوستانی مسافر کو گرفتار کیا ہے۔ حکام کے مطابق ضبط کی گئی گھڑی معروف برانڈ پٹیک فلپ کی ایکوا ناٹ (Patek Philippe Aquanaut) سیریز کی ہے۔
کسٹمز حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی 11 نومبر کو ایئرپورٹ کے ٹرمینل-3 پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر انجام دی گئی۔ دبئی سے پرواز SG5106 کے ذریعے پہنچنے والے مسافر کو گرین چینل پر روک کر ایکس رے جانچ کے لیے بھیجا گیا۔
جانچ کے دوران ڈور فریم میٹل ڈیٹیکٹر (DFMD) سے الارم بجنے پر حکام نے مسافر اور اس کے سامان کی مزید تلاشی لی۔ اس دوران ایک استعمال شدہ لگژری wristwatch برآمد ہوئی، جس کی شناخت پٹیک فلپ ایکوا ناٹ کے طور پر کی گئی۔
گھڑی کی اصلیت اور قیمت کی تصدیق کے لیے چارٹرڈ انجینئر کو طلب کیا گیا۔ ماہر کی جانچ کے بعد گھڑی کو اصلی قرار دیا گیا اور اس کی مالیت تقریباً 94 لاکھ روپے بتائی گئی۔
کسٹمز حکام نے گھڑی کو کسٹمز ایکٹ 1962 کی دفعہ 110 کے تحت ضبط کرلیا، جبکہ مسافر کو اسی قانون کی دفعہ 104 کے تحت گرفتار کیا گیا۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اسمگلنگ سے متعلق دیگر ممکنہ افراد یا روابط کا پتہ لگایا جاسکے۔
دہلی کسٹمز نے کہا کہ وہ قیمتی اشیاء کی غیر قانونی درآمد اور کسٹم ڈیوٹی سے بچنے کی کوششوں کے خلاف مسلسل نگرانی کررہا ہے۔ حکام نے بین الاقوامی مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسٹم ڈیوٹی کے دائرے میں آنے والی اشیاء کے بارے میں ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام کو اطلاع دیں اور ایسی اشیاء ساتھ ہونے کی صورت میں گرین چینل کے بجائے ریڈ چینل کا استعمال کریں۔
اردو دنیا نیوز — ہر خبر آپ کے ساتھ!
تازہ خبروں اور خصوصی ویڈیوز کے لیے ہمارے واٹس ایپ گروپ، یوٹیوب چینل اور موبائل ایپ سے جڑیں



