بنگلورو:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کرناٹک کے وزیر داخلہ بسوراج بومئی نے جمعرات کے روز یہ اشارہ دیا ہے کہ پولیس اور محکمہ داخلہ لاک ڈاؤن اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائے گا تاکہ ان کو مزید موثر بنایا جاسکے۔ ریاست میں کورونا کی دوسری لہر جاری ہے اور وزیر کے مطابق آنے والے دنوں میں ان اقدامات پر عمل درآمد کے لئے مزید سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وزیر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے
جب حکومت آئندہ کچھ دنوں میں ریاست میں لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کے بارے میں فیصلہ لے سکتی ہے۔بومئی نے کہاکہ چونکہ دیہی علاقوں میں کیسزبڑھ رہے ہیں ، مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے لاک ڈاؤن کو سختی سے نافذ کیا ہے ، لوگوں کو بھی سنجیدگی کو سمجھنا چاہئے اور تعاون کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پولیس یا محکمہ داخلہ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات جیسے غیر ضروری نقل وحمل کرنے والے لوگوں کی گاڑیاں ضبط کرنا وغیرہ کو مزید موثر بنایا جائے گا۔لاک ڈاؤن میں اضافے کے سوال کے جواب میں بومئی نے کہا کہ وزیر اعلی کے مطابق اس کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا۔ کرناٹک حکومت نے ابتدائی طور پر 27 اپریل سے 14 روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا لیکن اس کے بعد کوویڈ کیس میں جاری اضافے کے پیش نظر 10 مئی سے 24 مئی تک مکمل طور پر لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا۔



