یوپی: متعدد سرکاری ڈاکٹروں نے میٹنگوں سے تنگ آکر استعفیٰ دیا ، کہا،قربانی کا بکرا بنایاگیا
لکھنؤ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوپی حکومت کی بڑی سبکی ہوئی ہے۔ اترپردیش کے انائومیں 14 سرکاری ڈاکٹروں نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیاہے۔ یہ ڈاکٹر ضلع کے دیہی اسپتالوں کے انچارج ہیں۔ انہوں نے الزام لگایاہے کہ ضلع میں کوویڈ کے انفیکشن میں اضافے کے پیچھے انہیں قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے۔
یہ ڈاکٹرانائو کے معاشرتی طبی مراکز اور بنیادی طبی مراکز کے انچارج ہیں۔ یہ اسپتال دیہاتوں میں طبی سہولیات مہیا کرتے ہیں۔ ڈاکٹروں نے یقین دلایا ہے کہ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور چیف میڈیکل آفیسر سے بات چیت تک کورونا سے متعلقہ کام میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔ ان 14 ڈاکٹروں نے مشترکہ استعفیٰ نامہ پر دستخط کیے ہیں۔
استعفیٰ پر دستخط کرنے کے بعد وہ چیف میڈیکل آفیسر کے دفتر پہنچے اور یہ خط حوالے کیا۔ این ڈی ٹی وی نے یہ خط دیکھا ہے۔ اس میں ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ وبا میں سخت محنت کرنے کے باوجودڈاکٹروں کے خلاف بلا وجہ کارروائی کی جارہی ہے اور ان کے ساتھ برا سلوک کیا جارہا ہے۔



