بین ریاستی خبریں

گنگا میں بہتی ہوئی لاشوں پر قابوپانے کیلئے گنگا کنارے ۲۷؍اضلاع میں پی اے سی اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات

لکھنؤ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوپی میں واقع گنگا کے کنارے 27 اضلاع میں گھاٹ کے کنارے دو ہزار سے زیادہ لاشیں دفن کئے جانے کی خبر کے بعد ہفتے کے روز سے پی اے سی اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں نے ان 27 اضلاع میں گنگا ندی کے کنارے گشت شروع کردیا ہے۔اس کے علاوہ دوسری ندیوں کے کنارے بھی پولیس کی گشت شروع ہوچکی ہے۔پولیس نے دریاکے کنارے گاؤں اور علاقوں میں اعلان بھی کرنا شروع کردیا ہے ۔

لوگوں کو بتایا جارہا ہے کہ اگر کسی نے لاش کو ندی میں ہندوانہ طور طریقہ سے الگ ہوکر آخری رسومات ادا کیا ،تو ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ بیشتر اضلاع میں ایس ایس پی اور ایس پی خود گھاٹوں پر پہنچ کر جائزہ لیا ۔ ایک ہندی اخبار نے 14 مئی کی اشاعت میں یوپی میں گنگا کے کنارے 27 اضلاع کی زمینی رپورٹ شائع کی تھی،جس میں کانپور ، اناؤ ، غازی پور ، اور بلیا میں گنگا کنارے دو ہزار سے زائد لاشوں کے ہندوانہ طور طریقہ سے ہٹ کر دفن کئے جانے کی رپورٹ تھی ۔

اس رپورٹ کے بعد یوپی سرکار حرکت میں آگئی۔ حکومت نے فوری طور پر دریاؤں میں لاشوں کے بہاؤ پر پابندی لگانے کی ہدایت جاری کی ، تمام اضلاع کے انتظامی افسران کو گنگا کنارے گشت شروع کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔اس کڑی میں کانپور میں پولیس نے 24 گھنٹے گنگا میں گشت شروع کردیا ہے۔ آس پاس کے لوگوں کو بھی مطلع کیا جارہا ہے۔اے سی پی کرنل گنج ، انسپکٹر کہنہ ہفتے کی صبح سے ہی فورس کے ساتھ گنگا کے کنارے گشت کرتے دکھائی دیئے ۔ پولیس نے لوگوں کوبتایا کہ اگر کوئی معاشی طور پر کمزور ہے اور وہ لاش کو ہندوانہ طور طریقہ سے آخری رسومات انجام دینے کے قابل نہیں ہے، تو حکومت ایسی صورت میں ان کی مدد کرے گی۔

وہیں مرزا پورمیں ایس پی نے گنگا گھاٹ کا دورہ کیا۔ پولیس ٹیمیں کشتی سے گنگا پر مستقل نگرانی کر رہی ہیں۔ شمشان گھاٹ پر بیریئر ڈیوٹی لگائی گئی ہے،تاکہ کوئی لاش گنگا میں بہا نہ دی جائے۔اس دوران ایس پی مر زا پور نے پولیس افسران کو 24 گھنٹے نگرانی رکھنے کا حکم بھی دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی لاش گنگا میں بہتی ہوئی دکھائی دیتی ہے تو فوراً اطلاع دے کر ضروری کارروائی کی جانی چاہئے، جو لا ش لے کر آ رہے ہیں ، ان کا نام اور پتہ بھی نوٹ کیا جائے ۔

جب کہ بجنور اتراکھنڈ کے بعد یوپی کا پہلا ضلع ہے ، جو دریائے گنگا کا داخلہ دروازہ ہے ، ریاستی حکومت کے حکم کے بعد ضلع پولیس بھی حرکت میں آگئی ہے۔ پولیس اور پی اے سی نے دریائے گنگا کے کنارے گشت شروع کردیا ہے۔ گنگا بیراج گھاٹ پر ایس پی سٹی پروین رنجن سنگھ نے پولیس اور پی اے سی کے ذریعہ کی جانے والی گنگا کے کنارے گشت کا جائزہ لیا۔ ایس پی سٹی نے بتایا کہ پورے ضلع میں گنگا کے کنارے واقع گاؤں میں پیٹرولنگ کی جارہی ہے۔

اس کے لئے پی اے سی کی فلڈ کمپنی بھی مراد آباد سے پہنچی ہے۔حکومت کے حکم کے بعد الٰہ آباد، رائے بریلی ، غازی پور ، بلیا اور وارانسی میں بھی پولیس نے گنگا اور دیگر معاون ندیوں کے کنارے گشت شروع کردیا ہے، لوگوں کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ وہ لاش کو نہ بہائیں ، بلکہ اس کی آخری رسومات ہندوانہ رسموں کے ساتھ انجام دیں،معاشی طور پر کمزور لوگوں کو حکومت اس کے لئے مددبھی کرے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button