تلنگانہ کی خبریں

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ امتحانات میں سماجی فاصلے کی برقراری پر خاص توجہ

انٹرمیڈیٹ

تلنگانہ : (اردودنیا.اِن)تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے مراکز صرف کالجس میں قائم نہیں کئے جائیں گے بلکہ بورڈ کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق سماجی فاصلہ کی برقراری اور کم سے کم طلبہ کی تعداد کے ساتھ مراکز کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے ریاستی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے ریاست کے ہائی اسکول بھی امتحانی مراکز کے لئے حاصل کئے جائیں گے۔

تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اور ڈائریکٹوریٹ امتحانات کی جانب سے ریاست میں یکم مئی سے منعقد ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے سلسلہ میں کئے جانے والے انتظامات کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ صرف کالجس میں امتحانی مراکز کے بجائے ہائی اسکولوں میں بھی امتحانی مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ کورونا وائرس کے رہنمایانہ خطوط پر مؤثر عمل آوری کے ساتھ ساتھ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع میں موجود سرکاری ہائی اسکولوں میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کے مراکز کے قیام کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کے علاوہ اگر ضرورت محسوس ہوتی ہے تو خانگی اسکولوں میں بھی انٹرمیڈیٹ امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔

بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کے ساتھ اس سلسلہ میں مذاکرات کا بھی عمل شروع کیا جاچکا ہے ۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ اگر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے یکم مئی سے شروع ہونے والے امتحانات کے لئے خانگی اور سرکاری اسکولوں کو امتحانی مراکز کے لئے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں تمام اسکولوں کو تعطیل کا اعلان کرنا پڑے گا اور یکم مئی سے اسکولوں کیلئے تعطیلات کا اعلان کرتے ہوئے آن لائن تعلیم کے نظام کا احیاء کرنا پڑسکتا ہے ۔

ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری اور کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت ریاست بھر میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کے دوران اضافی امتحانی مراکز کے قیام کو یقینی بنانا لازمی ہوگا اسی لئے تلنگانہ ریاستی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے عہدیداروں نے بورڈ کے فیصلہ سے ریاستی حکومت اور محکمہ تعلیم کو واقف کروادیا ہے۔

 انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں حصہ لینے والے امیدواروں اور ان کی تعداد کا جائزہ لینے کے بعد ہی ریاستی حکومت اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کرے گی، حکومت کی جانب سے کئے جانے والے فیصلہ کے مطابق ہی تلنگانہ ریاستی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اسکولوں میں امتحانی مراکز کے قیام کے فیصلہ کو منظوری دے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button