
جگتیال میں ڈاکٹر وی آر کے کالج آف فارمیسی کے زیر اہتمام نیشنل فارمیسی ویک اور ورلڈ فارماسسٹس ڈے کی تقریبات
نیشنل فارمیسی ویک کے موقع پر اے ایم آر آگاہی ریلی
جگتیال، 20 نومبر (ای میل) جگتیال میں فارمیسی کے طلبہ نے اے ایم آر (اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس) سے متعلق عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے آگاہی ریلی نکالی۔ ڈاکٹر وی آر کے کالج آف فارمیسی میں نیشنل فارمیسی ویک اور ورلڈ فارماسسٹس ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریبات میں طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
ڈاکٹر محمد شاہ عالم رسول خان، چیئرمین ڈاکٹر وی آر کے ایجوکیشنل سوسائٹی، حیدرآباد کی ہدایات اور پروفیسر ڈاکٹر ڈنڈو راما کرشنا، ڈائریکٹر ڈاکٹر وی آر کے گروپ آف فارمیسی کالجز کی تجاویز پر ان تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ایچ پرمیشور نے پروگرام کی صدارت کی، جبکہ ایڈمنسٹریٹو آفیسر ڈاکٹر میر کاظم علی نے انتظامات کی نگرانی کی۔
اس موقع پر کالج کے طلبہ و طالبات اور تدریسی و غیر تدریسی عملے نے جگتیال نیو بس اسٹینڈ سرکل سے نرسنگ کالج تک اے ایم آر آگاہی ریلی نکالی۔ تقریب کی مہمان خصوصی سب انسپکٹر آف پولیس سپریا نے پرچم لہرا کر ریلی کا آغاز کیا۔ ریلی کے دوران اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنے کا پیغام دیا گیا۔
بعد ازاں ڈاکٹر وی آر کے کالج آف فارمیسی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ڈاکٹر ایچ پرمیشور نے طلبہ کو تعلیم کے حصول میں محنت، لگن اور مستقل مزاجی اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو بہتر بناتے ہوئے ایسا مقام حاصل کریں کہ ان کے والدین اور تعلیمی ادارے کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن ہو۔
انہوں نے فارمیسی کی تعلیم کی اہمیت، صحت کے شعبے میں فارماسسٹس کے کردار اور اس پیشے سے وابستہ مستقبل کے روزگار کے مواقع پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔
تقریبات کے دوران پوسٹر پریزنٹیشن اور کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ پرنسپل ڈاکٹر ایچ پرمیشور اور ایڈمنسٹریٹو آفیسر ڈاکٹر میر کاظم علی نے کامیاب طلبہ میں تعریفی اسناد اور یادگاری مومنٹوز تقسیم کیے۔
اسی موقع پر تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں اور کالج کے تدریسی و غیر تدریسی عملے کو بھی اعزازات پیش کیے گئے۔ پروگرام میں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور دیگر عملے کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اردو دنیا نیوز — ہر خبر آپ کے ساتھ!
تازہ خبروں اور خصوصی ویڈیوز کے لیے ہمارے واٹس ایپ گروپ، یوٹیوب چینل اور موبائل ایپ سے جڑیں



