بین ریاستی خبریںجرائم و حادثات

بیوی نے عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کردیا، دونوں ملزمان گرفتار

ممبئی، 27 مئی (اردو دنیا/ایجنسیز): ممبئی میں ایک ہولناک قتل کی واردات سامنے آئی ہے جس میں ایک 26 سالہ خاتون نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو بے رحمی سے قتل کر دیا۔ یہ افسوسناک واقعہ ممبئی کے وڈالا علاقے کے اینٹاپ ہل میں پیش آیا، جہاں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

متوفی کی شناخت اسماعیل علی جمال علی شیخ (عمر 36 سال) کے طور پر کی گئی ہے، جو بنگالی پورہ، اینٹاپ ہل کا رہائشی تھا۔ پولیس کے مطابق، اسماعیل کو اپنی بیوی سمیہ شیخ (عمر 26 سال) اور اس کے مبینہ عاشق جبار شیخ کے درمیان ناجائز تعلقات کا شبہ تھا۔

پیر کی رات دونوں میاں بیوی کے درمیان شدید جھگڑا ہوا جو صبح تین بجے کے قریب خونی تصادم میں بدل گیا۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق، سمیا نے اپنے عاشق جبار کو گھر بلایا، خود شوہر کی ٹانگیں پکڑ لیں اور جبار نے تیز دھار ہتھیار سے اسماعیل کی گردن پر پے در پے وار کیے۔ اس کے بعد سمیا نے بھی چاقو سے شوہر پر کئی وار کر کے اسے قتل کر دیا۔

قتل کے بعد خاتون نے اپنے شوہر کی خون میں لت پت لاش کو گھر کے باہر گھسیٹ کر لے گئی اور پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ اس نے دعویٰ کیا کہ کسی نامعلوم شخص نے اس کے شوہر کو قتل کیا ہے۔ تاہم، پولیس نے اس کے بیانات میں تضاد محسوس کرتے ہوئے سختی سے پوچھ گچھ کی، جس پر سچ سامنے آگیا۔

ملزم عاشق جبار شیخ قتل کے فوراً بعد موقع سے فرار ہوگیا تھا، لیکن پولیس نے جدید تکنیکی ذرائع استعمال کرتے ہوئے اسے بھی گرفتار کرلیا ہے۔ قتل میں استعمال کیا گیا چاقو برآمد کر لیا گیا ہے اور دونوں کے خلاف اینٹاپ ہل پولیس اسٹیشن میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس اب اس کیس میں مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ قتل کے محرکات اور ممکنہ دیگر شواہد سامنے لائے جا سکیں۔ اس واقعہ نے ممبئی شہر میں سنسنی پھیلا دی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button