

نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)سپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کی گئی ہے جس میں مرکز سے جموں میں نظربند روہنگیا مہاجرین کی فوری رہائی اور حوالگی کے حکم پر عمل درآمد روکنے کی اپیل کی گئی ہے۔عدالت عظمیٰ میں زیر التواء مقدمے میں مداخلت کرنے کی درخواست دائرکرکے اپیل کی گئی ہے کہ وہ وزارت داخلہ کو غیر رسمی کیمپوں میں مقیم روہنگیاؤں کے لئے غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن آفس (ایف آر آر او) کے ذریعے مہاجرین کے شناختی کارڈ تیزی سے جاری کرنے کی ہدایت دے۔
روہنگیا پناہ گزین محمد سلیم اللہ نے ایڈووکیٹ پرشانت بھوشن کے توسط سے دائر اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ہندوستان میں مقیم مہاجرین کو حوالگی سے بچانے کے لئے مفادعامہ میں یہ دائر کی گئی تھی۔
یہ درخواست آئین کے آرٹیکل 14 اور آرٹیکل 21 کے ساتھ ساتھ آرٹیکل 51 (سی) کے تحت حاصل کردہ حقوق کے تحفظ کے لئے دائر کی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ یہ تشدد اور امتیازی سلوک کی وجہ سے ہندوستان فرار ہونے کے بعد روہنگیا کو اپنے آبائی وطن میانمار سے حوالگی کے خلاف درخواست ہے۔



