تلنگانہ کی خبریں

گورنمنٹ ڈگری کالج برائے اناث، سنگاریڈی میں عالمی یومِ مادری زبان کی تقریب منعقد

ڈگری کالج برائے طالبات، سنگاریڈی میں مادری زبان کی اہمیت پر تقریب

سنگاریڈی 22 فروری:(ای میل) ضلع سنگاریڈی کے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے اناث، سنگاریڈی میں 21 فروری کو عالمی یومِ مادری زبان نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس باوقار تقریب کی صدارت کالج کی معزز پرنسپل ڈاکٹر کے ارونا بائی نے فرمائی، جبکہ وائز پرنسپل ڈاکٹر رام ریڈی بطور مہمانِ خصوصی شریک رہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ڈاکٹر کے ارونا بائی نے کہا کہ مادری زبان دراصل ہماری شناخت اور تہذیب کی بنیاد ہوتی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مادری زبان کا تحفظ اور فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، کیونکہ زبان کسی بھی قوم کی ثقافت اور تاریخ کی امین ہوتی ہے۔

اس موقع پر اساتذۂ کرام بالخصوص ڈاکٹر کستوری، ڈاکٹر محمدی اسری اور حشمت بیگم نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے مادری زبان کی اہمیت، اس کے تحفظ اور نئی نسل میں اس کے فروغ پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ مادری زبان کسی بھی قوم کی پہچان ہوتی ہے اور اس کی بقا دراصل ہماری تہذیبی بقا ہے۔

طلبا و طالبات نے اس موقع پر پُراثر تقاریر پیش کیں اور خوبصورت نظمیں سنا کر حاضرین سے بھرپور داد حاصل کی۔ طالبات کی شاندار پیشکشوں نے تقریب کو مزید بامعنی اور دلنشین بنا دیا۔

تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر عائشہ بیگم نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ ان کی مربوط اور سلیس نظامت نے پروگرام کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

آخر میں پرنسپل صاحبہ نے تمام منتظمین، اساتذہ اور طالبات کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کالج میں ہر زبان کے احترام اور فروغ کے لیے آئندہ بھی ایسی تقریبات کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button