میاں پور کا نام بدل کر رویندر نگر رکھ دیا گیا، سی ایم یوگی کا اعلان
"میاں پور اب رویندر نگر کے نام سے جانا جائے گا
نئی دہلی 11 اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے یوپی ریاست کے ضلع لکھیم پور کھیری میں ایک اور گاؤں کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے میاں پور کو اب "رویندر نگر” کے نام سے موسوم کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے ایک عوامی جلسہ سے خطاب کے دوران کیا۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ میاں پور گاؤں کو اب گرودیو کے نام پر رویندر نگر کے طور پر جانا جائے گا۔ انہوں نے سابقہ حکومتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پہلے گاؤں کے نام شناخت چھپانے کے لیے رکھے گئے تھے، جبکہ حقیقت میں وہاں ایسا کوئی پس منظر موجود نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے 331 ہندو بنگلہ دیشی خاندانوں کو سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور ڈبل انجن حکومت میں تمام طبقات کو ترقی کے مواقع ملے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں پاکستان پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 1971 کے بعد بھی حالات میں بہتری نہیں آئی اور وہاں اقلیتوں، خاص طور پر ہندوؤں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان مستقبل میں مزید تقسیم کا شکار ہو سکتا ہے۔
لکھیم پور کھیری کے دورے کے دوران یوگی آدتیہ ناتھ نے مجموعی طور پر 213 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے سماجوادی پارٹی اور کانگریس کو بھی ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے صرف وعدے کیے جبکہ موجودہ حکومت عملی کام کر رہی ہے۔



