تلنگانہ کی خبریں

مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں نئے بی ٹیک کورسز کا آغاز

اہل طلبہ کے لیے ہاسٹل کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

حیدرآباد، 24 اپریل (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے تعلیمی سال 2026-27 سے اپنے ہیڈ کوارٹر، حیدرآباد میں ‘اسکول آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی’ کے تحت نئے بی ٹیک کورسز شروع کیے گئے ہیں۔
آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن (AICTE) ، نئی دہلی سے منظور شدہ ان نئے کورسز میں بی ٹیک کمپیوٹر سائنس اینڈ انجینئرنگ، بی ٹیک انفارمیشن ٹیکنالوجی، بی ٹیک الیکٹرانکس اینڈ کمیونیکیشن انجینئرنگ اور بی ٹیک سول انجینئرنگ شامل ہیں۔ ان کورسز میں داخلہ انٹرنس ٹیسٹ (داخلہ امتحان) کے ذریعے دیا جائے گا، جو 19 مئی 2026 کو منعقد ہوگا۔

ڈاکٹر محمد یوسف خان کے مطابق، نئے قائم شدہ اسکول آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں جدید ترین انفراسٹرکچر، وائی فائی کی سہولت سے لیس کلاس رومز اور بہترین سہولیات دستیاب ہیں۔ فیکلٹی کے زیادہ تر ارکان آئی آئی ٹی (IIT) اور این آئی ٹی (NIT) سے تعلیم یافتہ، پی ایچ ڈی ہولڈرز اور تجربہ کار ہیں۔ اسکول میں ایک جدید لائبریری (OPAC سسٹم سے لیس) اور مکمل آلات پر مبنی لیباریٹریز بھی موجود ہیں۔یونیورسٹی انتہائی کم فیس پر یہ کورسز پیش کر رہی ہے۔ لڑکوں کے لیے فیس 5500 روپے فی سمسٹر جبکہ لڑکیوں کے لیے پہلے سمسٹر کی فیس 1650 روپے رکھی گئی ہے۔

درکار معیار پر پورا اترنے والے طلباءو طالبات کے لیے ہاسٹل کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ داخلہ امتحان کا نصاب انٹرمیڈیٹ (10+2) کی سطح کے فزکس، کیمسٹری اور ریاضی (Maths) پر مبنی ہوگا۔ امتحان کل 100 نمبرات کے انتخابی سوالات (MCQs) پر مشتمل ہوگا، جس میں 50 نمبر ریاضی کے، 25 نمبر کیمسٹری اور 25 نمبر فزکس کے لیے مختص ہیں۔آن لائن درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 اپریل 2026 ہے۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات 9848171044 سے حاصل کرسکتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد مصطفےٰ علی سروری
پبلک ریلیشنز آفیسرانچارج

متعلقہ خبریں

Back to top button