بین ریاستی خبریں

متھرا:زیادتی میں ناکامی کے بعد خاتون کو زندہ جلانے والے ملزم کو سزائے موت

ملزم نے زیادتی کی کوشش ناکام ہونے پر خاتون کو آگ لگا دی تھی۔

نئی دہلی 05 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)اتر پردیش کے ضلع متھرا میں ایک نہایت ہولناک واقعہ میں عدالت نے ایک شخص کو خاتون کو زندہ جلانے کے جرم میں سزائے موت سنائی ہے۔ ملزم نے مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش ناکام ہونے پر خاتون کو آگ لگا دی تھی جس کے نتیجے میں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئی۔

یہ واقعہ متھرا کے فرح تھانہ علاقے کے ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں ہریانہ کے ضلع پلوال کے حسن پور کا رہنے والا اُمیش نامی شخص 11 مارچ 2025 کی دوپہر کو عورت کا بھیس بدل کر ایک گھر میں داخل ہوا۔ اس نے ساڑھی پہن رکھی تھی اور اپنے ساتھ آتش گیر مادہ بھی لایا تھا۔

گھر میں اس وقت شادی شدہ خاتون اکیلی موجود تھی جبکہ اس کا شوہر کھیتوں میں کام کر رہا تھا اور بچے اسکول گئے ہوئے تھے۔ کمرے میں داخل ہونے کے بعد ملزم نے خاتون کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی لیکن خاتون کی مزاحمت پر اس نے اس پر آتش گیر مادہ ڈال کر آگ لگا دی۔

آگ لگتے ہی خاتون چیخنے لگی جس پر اہل خانہ اور آس پاس کے لوگ موقع پر پہنچ گئے۔ لوگوں کو آتا دیکھ کر ملزم چھت کی طرف بھاگا اور وہاں سے کود گیا جس سے وہ خود بھی زخمی ہو گیا۔ گاؤں والوں نے خاتون کی آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن وہ شدید جھلس چکی تھی۔

دونوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں خاتون نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا اور عدالت میں چارج شیٹ پیش کی۔

کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ جج وکاس کمار کی عدالت میں ہوئی جہاں تمام شواہد اور گواہوں کی بنیاد پر عدالت نے ملزم کو قصوروار قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button