ڈائریکٹر سیکیورٹی عہدے سے معزول، ڈی ایم- ایس پی کا تبادلہ
کولکاتہ: (اردودنیا.اِن)مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی پرحملہ کرنے کے معاملے میں الیکشن کمیشن نے ایک بڑی کاروائی کی ہے۔ مرکزی الیکشن کمیشن نے سکریٹری کی رپورٹ کے بعد آئی پی ایس وویک سہائے ڈائریکٹر سیکیورٹی کو فوری طور پر ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ ریاست کے چیف سکریٹری کو ڈی جی پی سے بات چیت کرنی چاہئے اور جلد از جلد نیا ڈائریکٹر سیکیورٹی مقرر کرنا چاہئے۔مرکزی الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ان کی ذمہ داری تھی کہ وہ زیڈ پلس (z +) کورکی حفاظت پر توجہ دیں لیکن اس میں غلطی ہوئی ہے، اس لئے ان کے خلاف جانچ کی جائے گی۔ سابق مدینی پور ضلع مجسٹریٹ کی ذمہ داری آئی اے ایس سمیتا پانڈے کو دی گئی ہے۔
اس سے پہلے وبھو گوئل پر یہ ذمہ داری عائد تھی۔ڈائریکٹر سیکیورٹی کے علاوہ کمیشن نے مدینی پور کے سابق ایس پی پروین پرکاش کا تبادلہ بھی کردیا ہے۔ سنیل کمار اب ان کی جگہ لیں گے۔ پروین کے خلاف بھی سیکیورٹی چوک کے الزامات کی جانچ کی جائے گی۔
مرکزی الیکشن کمیشن نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ ممتا بنرجی کے ساتھ نندی گرام میں واقعے سے متعلق درج ایف آئی آر کی تحقیقات اگلے 15 دن میں مکمل کریں اور مرکزی الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں۔اتناہی نہیں الیکشن کمیشن نے پنجاب کے سابق ڈی جی پی انٹلیجنس انیل کمار شرما کو خصوصی پولیس آبزرور بھی مقرر کیا۔ جو پہلے سے مقرر کردہ اسپیشل پولیس آبزرور وویک دوبے کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔




