ایکریڈیٹیشن کارڈس کی اجرائی میں تاخیر پر ہائی کورٹ برہم، 16 جون تک توسیع
صحافیوں کو درپیش مشکلات پر عدالت کا اظہارِ تشویش
حیدرآباد 22 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے صحافیوں کے ایکریڈیٹیشن کارڈس کی اجرائی میں تاخیر پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے حکومت کو موجودہ کارڈس کی میعاد میں توسیع کی ہدایت دی ہے۔ وکیشن بنچ کے جسٹس مادھوی دیوی اور جسٹس غوث میراں محی الدین نے اس معاملہ کی سماعت کے دوران صحافیوں کو پیش آنے والی مشکلات پر تشویش ظاہر کی۔
تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے حکومت سے دریافت کیا کہ پہلے دی گئی تیقنات پر عمل آوری میں تاخیر کیوں ہوئی۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ صحافیوں کے ایکریڈیٹیشن کارڈس کی میعاد میں 16 جون تک توسیع کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے جائیں گے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ مسئلہ صرف درخواست گزار تنظیم تک محدود نہیں بلکہ ریاست بھر کے صحافی اس سے متاثر ہورہے ہیں۔ حکومت نے پہلے 31 مئی تک نئے کارڈس جاری کرنے کا تیقن دیا تھا تاہم بعد میں اس مدت کو 16 جون تک بڑھا دیا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کارڈس کی میعاد میں توسیع نہ ہونے کے سبب صحافیوں کو سرکاری دفاتر اور مختلف سرکاری پروگراموں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ واضح رہے کہ جی او 252 اور اس میں کی گئی ترمیم کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔
متوفی صحافیوں کے خاندانوں کیلئے مالی امداد کی منظوری،17 خاندانوں کو ایک لاکھ روپئے اور ماہانہ وظیفہ
تلنگانہ میڈیا اکیڈیمی نے ریاست کے فوت شدہ صحافیوں کے خاندانوں کیلئے مالی امداد کی منظوری دی ہے۔ جرنلسٹس ویلفیر فنڈ کمیٹی کے اجلاس میں 29 درخواستوں کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد 17 خاندانوں کیلئے فی کس ایک لاکھ روپئے امداد منظور کی گئی۔
اجلاس تلنگانہ میڈیا اکیڈیمی کے صدرنشین کے سرینواس ریڈی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ مستحق خاندانوں کو پانچ برس تک ہر ماہ 3000 روپئے وظیفہ بھی ادا کیا جائے گا۔
کمیٹی نے متوفی صحافیوں کے بچوں کی تعلیم کیلئے بھی امداد منظور کی۔ ایل کے جی سے دسویں جماعت تک زیر تعلیم دو بچوں کیلئے ماہانہ ایک ہزار روپئے ٹیوشن فیس ادا کی جائے گی۔ اس کے علاوہ مختلف عوارض میں مبتلا چار صحافیوں کے علاج کیلئے بھی مالی امداد منظور کی گئی۔
اجلاس میں جوائنٹ ڈائرکٹر محکمہ اطلاعات ڈی ایس جگن، سکریٹری میڈیا اکیڈیمی وینکٹیشور راؤ، اکاؤنٹس آفیسر پرنا چندر راؤ اور مینجر ڈی آر سیلیشور ریڈی نے شرکت کی۔



