بین ریاستی خبریں

بائک ٹائر کے چوری کے الزام میں مسلم نوجوان کا پیٹ پیٹ کر سفاکانہ قتل

Muslim driver beaten to death in Jharkhand

رانچی میں پھروحشیانہ موب لنچنگ

رانچی: (اردودنیا.اِن) رانچی کے ان گڑا پولیس اسٹیشن کے علاقے سرکہ میں ہفتہ کی شب ہجوم نے ایک نوجوان کوپیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا ۔ گاؤں کے لوگوں نے اس نوجوان پربائک کا ٹائر کے چوری کے الزام لگایا تھا۔ اس واقعے کے بعد مقتول کے اہل خانہ اور بڑی تعداد میں دیگر افراد تھانے اور مقتول کے گھر کے آس پاس جمع ہوگئے۔ مقتول کے بھائی نے 19 نامزد افراد سمیت نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروایا ہے ۔

اسی اثنا میں درگا منڈا کے بیان پر مہلوک نوجوان پر چوری کا الزام لگاکر ان گڑا پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کیا گیا ہے۔درگا منڈا کی درخواست کے مطابق مبارک خان (26) اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ اس کی پلسر موٹر سائیکل کا اگلا چکا اور بیٹری چوری کرکے فرار ہو رہا تھا۔

اسی کڑی میں موٹر سائیکل بے قابو ہوکر گر گئی،دو ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، لیکن مبارک خان کو بھیڑ نے پکڑ لیا۔ مشتعل ہجوم کی پٹائی کی وجہ سے مبارک خان کی موت ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر ان گڑا پولیس اسٹیشن کے حکام سرکہ پہنچے اور نعش پوسٹ مارٹم کے لئے ریمس بھیج دیا ہے۔ پولیس نے پلسر موٹر سائیکل کا فرنٹ وہیل ، بیٹری ، لفٹرز ، اوزار ، جیک وغیرہ قبضے میں لے لیا۔ اس وقت پولیس متعدد مشتبہ نوجوانوںکو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کررہی ہے ۔

خیال رہے کہ مبارک خان (26) ان گڑ اتھانہ علاقہ کے مہیش پور کا رہائشی تھا، وہ ایک ڈرائیور تھا۔مقتول مبارک کے دو بچے ہیں ، 7 سالہ التمش اور 5 سالہ انس۔ اسی دوران مقتول کے بڑے بھائی تبارک خان نے بتایا کہ رات گیارہ بجے مبارک گھر سے نکلاتھا، صبح چار بجے اطلاع ملی کہ مبارک سرکہ گاؤں میں گر گیا ہے۔ موقع پر پہنچ کر میں نے دیکھا کہ موٹرسائیکل گر گئی ہے۔

مبارک کی لاش موٹر سائیکل کے پاس پڑی ہے۔ موقع پر موٹر سائیکل ، بیٹری ، جیک کا اگلا پہیہ پڑا ہے۔ اس کے بعد نعش کو تھانے لایا گیا۔ یہاں دیکھا گیا کہ اسے رسی سے گلا گھونٹ کر ہلاک کیا گیا ہے، بازو اور پیر ٹوٹ چکے ہیں۔اس واقعہ سے مشتعل خواتین اور دیگر لوگوں نے مہیش پور کے قریب سڑک جام کرکے مظاہرہ کیا ہے ، مظاہرین مقتول کے لواحقین کو معاوضہ اور نوکری کے مطالبہ کے ساتھ ہی ملزم کو پھانسی دیئے جانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

ایس پی نوشاد عالم اور سلی ڈی ایس پی نے جائے وقوع کا معائنہ کیاہے۔حکام کے مطابق معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں، کئی نوجوان گرفتا رکئے گئے ہیں ۔ بتادیں کہ 8 مارچ کو بھی ایک ایک نوجوان کو ہجوم نے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button