تلنگانہ کی خبریں

محکمہ موسمیات کا ییلو الرٹ جاری، تلنگانہ میں 5 جون تک بارشوں کا امکان

تلنگانہ میں شدید گرمی کے بعد بارشوں کا سلسلہ موسم کو خوشگوار بنا سکتا ہے۔

حیدرآباد 02 جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)شدید گرمی کی مار جھیل رہے تلنگانہ کے عوام کو راحت ملنے والی ہے، کیونکہ محکمہ موسمیات حیدرآباد نے ریاست بھر میں آئندہ چار دنوں تک بارش، گرج چمک، آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے متوقع بارشوں اور گرج چمک کے پیش نظر 5 جون تک ییلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق ریاست کے مختلف اضلاع میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جبکہ بعض مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں کمی آئے گی اور شدید گرمی سے لوگوں کو کچھ راحت مل سکتی ہے۔ گزشتہ دنوں تلنگانہ کے کئی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر گیا تھا۔

تلنگانہ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے اعداد و شمار کے مطابق پیر کے روز ریاست کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ضلع نلگنڈہ میں 43.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ حیدرآباد میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 41.6 ڈگری سیلسیس رہا، جو ماریڈپلی علاقے میں درج کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق حیدرآباد شہر میں بھی جمعہ تک بارش اور گرج چمک کا امکان ہے جبکہ آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

موسم پر نظر رکھنے والے ماہر ٹی بالاجی نے بھی پیش گوئی کی ہے کہ منگل کی شام اور رات کے دوران حیدرآباد کے شمالی اور مغربی علاقوں میں مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آئندہ چند روز کے دوران سفر کی منصوبہ بندی موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں اور گرج چمک کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button