
تھانے میں ماں کے عاشق نے 4 سالہ بچے کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا، ملزم گرفتار
پوسٹ مارٹم رپورٹ نے بچے کی موت کے اصل سبب سے پردہ اٹھا دیا۔
تھانے 03 جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)مہاراشٹر کے تھانے ضلع میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک 4 سالہ بچے کو مبینہ طور پر اس کی ماں کے ساتھی نے تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانے ضلع کے کاشیمیرا علاقے میں پیش آیا۔ پیر کے روز ایک کم سن بچے کی موت کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے ابتدائی جانچ شروع کی۔ تحقیقات کے دوران کچھ ایسے شواہد سامنے آئے جن سے بچے کی موت پر شبہ پیدا ہوا، جس کے بعد معاملے کی گہرائی سے چھان بین کی گئی۔
جانچ میں معلوم ہوا کہ بچے کی ماں شمبھو شرما نامی شخص کے ساتھ رہ رہی تھی۔ الزام ہے کہ شمبھو شرما نے گھر کے اندر چار سالہ بچے کو بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔ واقعے کے بعد موت کو طبعی قرار دینے کی کوشش کی گئی تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔
تاہم پنچنامے کے دوران پولیس افسران نے بچے کے جسم پر زخموں کے نشانات دیکھے، جس کے بعد نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ بچے کی موت شدید اندرونی چوٹوں کے باعث ہوئی، جو تشدد کا نتیجہ تھیں۔
پولیس نے شمبھو شرما کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو اس نے مبینہ طور پر بچے کو مارنے کا اعتراف کر لیا۔ بعد ازاں اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس اب یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ ملزم نے بچے کو قتل کرنے کی وجہ کیا تھی اور آیا بچے کی ماں کو اس مبینہ جرم کے بارے میں کوئی معلومات تھیں یا نہیں۔ حکام کے مطابق معاملے کی تفتیش جاری ہے اور مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔



