سرکاری اسکول کی خاتون ٹیچر نے اپنی بیٹی کو پرائیویٹ اسکول سے نکال کر گورنمنٹ اسکول میں داخل کرا دیا
جگتیال میں سرکاری تعلیمی نظام پر اعتماد کی منفرد مثال، والدین سے سرکاری اسکولوں میں بچوں کو داخل کرانے کی اپیل
جگتیال 20/جون (محمد فہیم الدین): سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم اور بہتر سہولیات پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی ایک قابلِ ذکر مثال ضلع جگتیال میں سامنے آئی ہے، جہاں گورنمنٹ ہائی اسکول اردو میڈیم قاضی پورہ کی ریاضی کی معلمہ صبیحہ ناز (اسکول اسسٹنٹ) نے اپنی بیٹی شرفیہ ناز کو ایک پرائیویٹ اسکول سے نکال کر سرکاری اسکول میں داخل کرا دیا۔
شرفیہ ناز کا جماعت ششم میں داخلہ اسکول کے پرنسپل محمد حفیظ الدین اور ایڈمیشن انچارج محمد فہیم الدین کی موجودگی میں عمل میں آیا۔ اس موقع پر اسکول کے دیگر اساتذہ بھی موجود تھے جنہوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا۔
معلمہ صبیحہ ناز نے اس موقع پر کہا کہ سرکاری اسکولوں میں اب معیاری تعلیم، جدید بنیادی سہولیات اور تجربہ کار اساتذہ دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مفت تعلیمی سہولیات طلبہ کی تعلیمی اور شخصی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اسکولوں میں بچوں پر غیر ضروری تعلیمی دباؤ نہیں ڈالا جاتا بلکہ انہیں خوشگوار اور پرسکون ماحول میں تعلیم فراہم کی جاتی ہے، جس سے ان کی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں نکھارنے میں مدد ملتی ہے۔
معلمہ صبیحہ ناز نے والدین سے اپیل کی کہ وہ سرکاری تعلیمی اداروں پر اعتماد کریں اور اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرا کر معیاری اور مفت تعلیم کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ گورنمنٹ ہائی اسکول اردو میڈیم قاضی پورہ میں تمام مضامین کے ماہر اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں، جس کے باعث اسکول تعلیمی میدان میں مسلسل بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
📢 اردو دنیا واٹس ایپ گروپتازہ ترین خبروں، بریکنگ نیوز، خصوصی رپورٹس اور اہم اپ ڈیٹس کے لیے اردو دنیا کے واٹس ایپ گروپ میں شامل ہوں۔ 👉 واٹس ایپ گروپ جوائن کریں: |



