بین ریاستی خبریں

پالی ٹیکنک لیکچررز بھرتی گھوٹالہ: ای ڈی کے چھاپے، 385 جعلی OMR شیٹس اور 20 کروڑ سے زائد کی جائیداد کا انکشاف

20 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی جائیدادوں کے شواہد ضبط

چنئی، 26 جون (ایجنسیز)::تمل ناڈو میں پالی ٹیکنک کالجوں کے لیکچررز کی بھرتی سے متعلق مبینہ بڑے گھوٹالے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ روک تھام قانون (PMLA) کے تحت بڑی کارروائی کرتے ہوئے ریاست بھر میں 21 مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے۔ یہ کارروائیاں چنئی، مدورئی، تروچی اور کوئمبتور میں کی گئیں۔

یہ معاملہ 2017 میں ٹیچرز ریکروٹمنٹ بورڈ (TRB) کی جانب سے منعقدہ پالی ٹیکنک لیکچررز بھرتی امتحان سے متعلق ہے۔ الزام ہے کہ امتحان کے بعد OMR شیٹس کی اسکیننگ کے دوران ڈیجیٹل نظام میں چھیڑ چھاڑ کر مخصوص امیدواروں کے نمبر غیر قانونی طور پر بڑھائے گئے۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان نے 385 جعلی سیکنڈری OMR شیٹس تیار کیں اور ان کے ذریعے 262 نااہل امیدواروں کو لیکچرر کے عہدوں پر منتخب کرایا۔ معاملہ عدالت پہنچنے کے بعد نتائج منسوخ کیے گئے اور جوابی پرچوں کی دوبارہ جانچ کی گئی۔ بعد ازاں تمل ناڈو پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے 2021 اور 2023 میں چارج شیٹ داخل کی، جس کی بنیاد پر ای ڈی نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کیں۔

ایک عہدے کے لیے 14 سے 16 لاکھ روپے وصول کیے گئے

ای ڈی کے مطابق مرکزی ملزم وی سبرامنین، اس کے ساتھی سریش پال اور ایک نجی تکنیکی کمپنی کے ملازمین نے ایجنٹوں کا نیٹ ورک بنا کر امیدواروں سے ہر سرکاری نوکری کے لیے 14 سے 16 لاکھ روپے وصول کیے۔ مبینہ طور پر اس رقم کو چھپانے کے لیے فرضی کمپنیوں اور جعلی بینک اکاؤنٹس کا استعمال کیا گیا، جبکہ رقم کو جائیداد، سونا اور چاندی خریدنے میں لگایا گیا۔

56 بینک اکاؤنٹس منجمد، 36 جائیدادوں کی دستاویزات ضبط

تازہ چھاپوں کے دوران ای ڈی نے اہم ڈیجیٹل شواہد، ایجنٹوں کے لین دین کا ریکارڈ، مختلف سرکاری امتحانات سے متعلق OMR شیٹس کی کاربن کاپیاں اور 13.18 لاکھ روپے نقد ضبط کیے۔ اس کے علاوہ 56 بینک اکاؤنٹس اور 2 ڈیمیٹ اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے۔

ای ڈی نے ملزمان سے متعلق 36 جائیدادوں کے دستاویزات بھی ضبط کیے ہیں۔ ان جائیدادوں کی سرکاری مالیت 9.67 کروڑ روپے جبکہ مارکیٹ ویلیو 20 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کے زاویے سے تحقیقات جاری ہیں اور آئندہ دنوں میں مزید جائیدادیں ضبط ہونے اور گرفتاریاں عمل میں آنے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button