تلنگانہ کی خبریںجرائم و حادثات

عمرہ سے واپس آنے والے خاندان کے گھر میں بڑی چوری، 21 لاکھ روپے نقد اور 20 تولے سونا غائب

پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) عمرہ کی ادائیگی کے بعد گھر واپس آنے والے ایک خاندان کو اس وقت بڑا صدمہ پہنچا جب ان کے حبیب نگر علاقے میں واقع مکان میں چوری کی واردات کا انکشاف ہوا۔ نامعلوم چور گھر سے 21 لاکھ روپے نقد، تقریباً 20 تولے سونے کے زیورات اور دیگر قیمتی سامان لے کر فرار ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق مکان کے مالک شیخ اکبر محی الدین گزشتہ ہفتے اپنے اہل خانہ کے ساتھ عمرہ کی ادائیگی کے لیے گئے تھے۔ ان کے مکان کی گراؤنڈ فلور پر دو فلیٹس ہیں، جن میں سے ایک میں اکبر محی الدین اور دوسرے میں کرایہ دار رہتے ہیں۔

واقعہ اس وقت سامنے آیا جب پہلی منزل پر رہنے والے ان کے بھائی شیخ رحمان محی الدین نے گھر کے مرکزی دروازے کا ٹوٹا ہوا تالا دیکھا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔

اطلاع ملتے ہی آصف نگر کے ایڈیشنل کمشنر آف پولیس، حبیب نگر پولیس اسٹیشن کے افسران، ڈٹیکٹو انسپکٹر اور کلوز ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے فنگر پرنٹس اور دیگر شواہد جمع کیے۔

پولیس کے مطابق چوروں نے گھر کے دو بیڈ رومز میں سے صرف ایک الماری کو نشانہ بنایا اور اس میں موجود نقد رقم اور زیورات چرا لیے۔ تحقیقات کے دوران گھر کی سیڑھیوں کے نیچے سے چوری میں استعمال ہونے والے اوزار بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

مکان کے مالک کے مطابق چوری ہونے والے سامان میں 21 لاکھ روپے نقد، تقریباً 20 تولے سونا، جس میں ساڑھے سات تولے کا ہار، ساڑھے تین تولے کی چوڑیاں، دو تولے کا منگل سوتر اور تقریباً تین تولے وزنی چھ سونے کی انگوٹھیاں شامل ہیں۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف زاویوں سے تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button