علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن جدہ کی نئی مجلسِ عاملہ (2026–2028) کی حلف برداری، قونصل جنرل ہند سے خیرسگالی ملاقات
ڈاکٹر پرنس مفتی ضیاء الحسن کی قیادت میں نئی ٹیم کا عہد، ہندوستان-سعودی تعلقات اور کمیونٹی ویلفیئر پر تبادلۂ خیال
جدہ (عبدالرحمن مرزا بیگ) : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن (اموباء جدہ) کی نومنتخب مجلسِ عاملہ برائے 2026–2028 کی باضابطہ حلف برداری کی تقریب 21 جون 2026 کو نہایت وقار کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں سینئر علیگ، سابق صدور، الیکشن کمشنرز اور معزز اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قاری فہد ایوب زنجانی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس نے محفل کو روحانیت سے بھر دیا۔ شرکاء نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی قیادت تنظیم کو مزید فعال اور مؤثر بنائے گی۔
نو منتخب صدر ڈاکٹر پرنس مفتی ضیاء الحسن نے اپنے خطاب میں خدمت، اتحاد، پیشہ ورانہ ترقی اور سماجی ذمہ داری کو اپنی ترجیحات قرار دیتے ہوئے سرسید احمدخان Sir Syed Ahmad Khan کے افکار کو مشعلِ راہ بتایا۔
نئی مجلسِ عاملہ میں ڈاکٹر پرنس مفتی ضیاء الحسن صدر، ربنواز خان نائب صدر، اطہر رسول جنرل سیکریٹری، ڈاکٹر محمد اومیس انصاری خزانچی اور محمد دانش خان جوائنٹ سیکریٹری منتخب ہوئے، جبکہ دیگر اراکین بھی شامل ہیں۔
تقریب کے اختتام پر نو منتخب مجلسِ عاملہ نے فہد احمد خان سوری ، قونصل جنرل ہند، جدہ سے خیرسگالی ملاقات کی، جو تقریباً دو گھنٹے جاری رہی۔
ملاقات کے دوران قونصل جنرل نے زور دیا کہ اموباء جدہ اپنی علمی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بھارت اور سعودی عربیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے۔ انہوں نے ٹیکنالوجی، تحقیق، تجارت اور روزگار کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالی۔
وفد کی قیادت صدر ڈاکٹر پرنس مفتی ضیاء الحسن نے کی، جبکہ دیگر سینئر اراکین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر کمیونٹی ویلفیئر، نوجوانوں کی رہنمائی اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
قونصل جنرل نے نئی قیادت کے وژن کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں دونوں جانب سے مستقبل میں مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
| 📢 اردودنیا نیوز واٹس ایپ گروپ میں شامل ہوں تازہ ترین خبریں، بریکنگ نیوز، خصوصی رپورٹس اور اہم اپ ڈیٹس فوری حاصل کرنے کے لیے اردودنیا نیوز کے واٹس ایپ گروپ کا حصہ بنیں۔ 👉 گروپ جوائن کرنے کے لیے یہاں کلک کریں: |



