
کرناٹک کے وزیر بائرتی سریش ماسک پہن کر BMTC بس میں سوار، 100 روپے کے نوٹ پر ٹکٹ دینے سے انکار
بس میں سوار وزیر کو بھی عام مسافروں جیسا تجربہ ہوا۔
بنگلورو:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) کرناٹک کے ٹرانسپورٹ وزیر بائرتی سریش کی جانب سے کیا گیا اچانک معائنہ خود ان کے لیے بھی ایک تلخ تجربہ ثابت ہوا۔ وزیر نے عام مسافر کا روپ دھار کر چہرے پر ماسک لگایا اور تقریباً دو گھنٹے تک بنگلورو میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن (BMTC) کی 10 سے زائد بسوں میں سفر کیا تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا براہِ راست جائزہ لیا جا سکے۔
معائنے کے دوران ایک دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہیبّال سے ناگشیٹی ہلی روٹ پر چلنے والی بس میں وزیر نے ٹکٹ خریدنے کے لیے کنڈکٹر کو 100 روپے کا نوٹ دیا۔ کنڈکٹر نے چِلّر نہ ہونے کا عذر پیش کرتے ہوئے ٹکٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا اور یہاں تک کہ بس سے اتر جانے کا مشورہ بھی دے دیا۔ اس واقعے سے وزیر نے خود وہ مشکل محسوس کی جس کا روزانہ ہزاروں مسافر سامنا کرتے ہیں۔
اس سے قبل فن ورلڈ بس اسٹاپ پر بھی وزیر نے دیکھا کہ ایک مسافر نے بس روکنے کا اشارہ کیا، مگر ڈرائیور نے بس روکے بغیر آگے بڑھا دی۔ اس پر وزیر نے سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ڈرائیور اور کنڈکٹر کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
بعد ازاں ناگشیٹی ہلی میں ایک اور واقعہ وزیر کی توجہ کا مرکز بنا، جہاں ایک آٹو رکشہ ڈرائیور نے میٹر پر 30 روپے کرایہ ظاہر ہونے کے باوجود مسافر سے 36 روپے طلب کیے، جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ وزیر نے موقع پر مداخلت کرتے ہوئے معاملہ حل کرایا۔
بائرتی سریش نے کہا کہ ان اچانک معائنوں کا مقصد عوامی ٹرانسپورٹ نظام میں جوابدہی، شفافیت اور نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مستقبل میں بھی اس طرح کے سرپرائز معائنے جاری رہیں گے۔ وزیر کی یہ بھیس بدل کر کی گئی کارروائی اس وقت کرناٹک میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے اور عوام کی جانب سے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے۔
Conducted a surprise field inspection by travelling on BMTC buses across Bengaluru to assess commuter experience firsthand. Ensuring safe, reliable and accountable public transport remains our highest priority.@BMTC_BENGALURU#BMTC #Bengaluru #PublicTransport #Karnataka pic.twitter.com/uyFOqsuwmd
— Byrathi Suresh (@byrathi_suresh) July 12, 2026



