تلنگانہ کی خبریں

حیدرآباد: غیر مسلم طالب علم کو عربی مذہبی ہوم ورک دینے پر تنازع، خانگی اسکول کی ٹیچر برطرف

حیدرآباد،:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) حیدرآباد کے سعیدآباد علاقے میں واقع ایک خانگی اسکول میں اس وقت تنازع پیدا ہوگیا جب ایک غیر مسلم طالب علم کو عربی مذہبی سبق بطور ہوم ورک دیے جانے پر والدین نے شدید اعتراض کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ واقعے کے بعد اسکول نے متعلقہ خاتون ٹیچر کو ملازمت سے برطرف کر دیا، جبکہ پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے اسکول کے اطراف سکیورٹی بڑھا دی۔

پولیس کے مطابق سعیدآباد کے دھوبی گھاٹ روڈ پر واقع سکسیس اسکول میں ایک خاتون ٹیچر نے تمام طلبہ کی ہوم ڈائری میں سورۂ فاتحہ اور کلمہ یاد کرنے کی ہدایت درج کی تھی۔ کلاس میں زیر تعلیم 25 طلبہ میں 24 مسلمان اور ایک غیر مسلم طالب علم شامل ہے۔ غیر مسلم طالب علم کے والدین نے ہوم ورک دیکھنے کے بعد اسکول پہنچ کر اس پر اعتراض کیا اور انتظامیہ سے وضاحت طلب کی۔

اسکول انتظامیہ نے والدین کو بتایا کہ یہ ہوم ورک پوری کلاس کو دیا گیا تھا اور کسی ایک طالب علم کو نشانہ نہیں بنایا گیا، تاہم والدین نے اس وضاحت کو قبول نہیں کیا جس کے بعد اسکول میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر آف پولیس (چارمینار زون) کرن کھرے پربھاکر موقع پر پہنچے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ کسی بھی طالب علم کو مذہبی تعلیم یا مذہبی ہوم ورک دینا اسکول کے تعلیمی ضوابط اور داخلی قواعد کے خلاف ہے۔ اسی بنیاد پر متعلقہ خاتون ٹیچر کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق کچھ تنظیموں نے احتجاج کی کوشش کی، تاہم پولیس نے حالات کو قابو میں رکھا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو پیش آنے سے روک دیا۔ احتیاطی طور پر اسکول کے اطراف اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی۔

پولیس نے واضح کیا کہ اس معاملے میں فی الحال کوئی فوجداری مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button