
پرچہ لیک معاملات: بمبئی ہائی کورٹ نے مہاراشٹر میں دو خصوصی عدالتیں قائم کر دیں، مقدمات کا تیز رفتار ٹرائل ہوگا
ملک بھر میں امتحانی بے ضابطگیوں اور پرچہ لیک کے خلاف احتجاج جاری-
ممبئی، 24 جولائی (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز): مہاراشٹر میں امتحانی پرچہ لیک کے بڑھتے ہوئے واقعات اور طلبہ کے احتجاج کے درمیان بمبئی ہائی کورٹ نے ناگپور اور اورنگ آباد میں دو خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جہاں پرچہ لیک سے متعلق مقدمات کی تیز رفتار سماعت کی جائے گی۔
قائم مقام چیف جسٹس رویندر وی گُھوگے نے جمعہ کو جاری حکم میں بتایا کہ یہ خصوصی عدالتیں مرکزی حکومت کی درخواست پر قائم کی گئی ہیں تاکہ امتحانی بے ضابطگیوں سے متعلق مقدمات کو جلد نمٹایا جا سکے۔
عدالتوں میں پبلک ایگزامینیشنز (پریوینشن آف انفئیر مینز) ایکٹ، 2024 اور بھارتیہ نیایا سنہتا (BNS)، 2023 کے تحت درج مقدمات کی سماعت ہوگی۔ نئے قانون کے مطابق ایسے مقدمات کا فیصلہ تین ماہ کے اندر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ہائی کورٹ نے جج ایس وی پوار کو اورنگ آباد جبکہ جج گلشن کولتے کو ناگپور کی خصوصی عدالت کا جج مقرر کیا ہے۔ مرکزی حکومت نے تجربہ کار عدالتی افسران کی تقرری کی سفارش کی تھی تاکہ حساس مقدمات کی مؤثر اور بروقت سماعت یقینی بنائی جا سکے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک بھر میں امتحانی بے ضابطگیوں اور پرچہ لیک کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ایک روز قبل پرچہ لیک کی روک تھام کے لیے سخت قانون پر مؤثر عمل درآمد اور فاسٹ ٹریک عدالتوں کے قیام کا وعدہ کیا تھا۔
دوسری جانب معروف سماجی کارکن سونم وانگچک نے حکومت کی یقین دہانیوں کے بعد اپنی 26 روزہ بھوک ہڑتال ختم کر دی ہے، تاہم تعلیمی اصلاحات کا مطالبہ کرنے والی احتجاجی تنظیم نے واضح کیا ہے کہ ان کی تحریک جاری رہے گی۔ تنظیم کے نمائندوں کی مرکزی وزراء سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں امتحانی نظام میں اصلاحات اور شفافیت سے متعلق مطالبات پیش کیے جائیں گے۔



