تلنگانہ کی خبریں

MPHW ملازمتوں کے نام پر لاکھوں کی وصولی، دلالوں کے سرگرم ہونے سے امیدوار پریشان

سرکاری ملازمت کے نام پر لاکھوں روپے کی وصولی، امیدواروں کو محتاط رہنے کی ضرورت۔

حیدرآباد، 30 ستمبر (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز): تلنگانہ میں ملٹی پرپز ہیلتھ ورکر (MPHW/ANM) کی سرکاری ملازمتوں کے انتظار میں موجود امیدواروں کو مبینہ طور پر دلالوں اور درمیانی افراد کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ملازمت یقینی بنانے اور تقرر نامہ دلوانے کا وعدہ کرتے ہوئے بعض امیدواروں سے لاکھوں روپے وصول کئے جانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے، جس سے میرٹ کی بنیاد پر انتخاب کی امید رکھنے والے امیدواروں میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔

تلنگانہ میڈیکل اینڈ ہیلت سرویسیس ریکروٹمنٹ بورڈ (MHSRB) نے جولائی 2023 میں MPHW کی 1,935 جائیدادوں پر تقررات کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ اس میں کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ بنیادوں پر پہلے سے خدمات انجام دینے والے ملازمین کے لئے 20 فیصد وٹیج کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم تقررات کا عمل طویل عرصہ تک مکمل نہ ہونے کے باعث امیدواروں کو کافی انتظار کرنا پڑا۔

حالیہ طور پر 1:1.25 کے تناسب سے 2,499 امیدواروں پر مشتمل دوسری عارضی میرٹ لسٹ جاری کی گئی۔ اس فہرست میں شامل امیدواروں کے سرٹیفکیٹس کی تصدیق کا عمل 16 ستمبر سے شروع ہوا اور 28 ستمبر کو مکمل ہوا۔ اسی دوران مبینہ طور پر بعض افراد نے امیدواروں سے رابطہ کرکے ملازمت دلانے کے نام پر رقم طلب کرنا شروع کردی۔

اطلاعات کے مطابق میرٹ لسٹ میں شامل ایک خاتون امیدوار سے ملازمت کی حتمی تصدیق کا وعدہ کرتے ہوئے مبینہ طور پر 3 لاکھ روپے وصول کئے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ خاتون نے رقم کا انتظام کرنے کے لئے اپنی زرعی زمین تک فروخت کردی۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد دیگر امیدواروں میں بھی تشویش بڑھ گئی ہے۔

دوسری جانب کریم نگر سے تعلق رکھنے والے ایک امیدوار کا نام میرٹ لسٹ میں شامل نہ ہونے کے باوجود اسے مبینہ طور پر ’بیک ڈور انٹری‘ کے ذریعہ ملازمت دلانے کا وعدہ کیا گیا اور اس سے 5 لاکھ روپے وصول کئے گئے۔ اسی علاقے میں ایک ہاسپٹل کے قریب مزید چار امیدواروں سے بھی ملازمت دلانے کے نام پر بھاری رقم وصول کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق محکمہ صحت سے وابستہ ایک سرکاری فارماسسٹ پر بھی متعدد امیدواروں سے ملازمت دلانے کے نام پر مبینہ طور پر لاکھوں روپے جمع کرنے کا الزام ہے۔ سرٹیفکیٹ ویریفکیشن کے دوران بعض ایسے افراد بھی سنٹر پر پہنچے جن کے نام عارضی میرٹ لسٹ میں شامل نہیں تھے۔

میرٹ کی بنیاد پر سرکاری ملازمت حاصل کرنے کی امید رکھنے والے امیدواروں کا کہنا ہے کہ برسوں کے انتظار کے بعد تقررات کا عمل شروع ہونے پر مبینہ دلالوں کی سرگرمیوں نے ان کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ امیدواروں کو خدشہ ہے کہ ملازمت کی امید میں رقم ادا کرنے والے کئی افراد دھوکہ دہی کا شکار ہوسکتے ہیں۔

امیدواروں سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ کسی بھی شخص کو ملازمت یا تقرر نامہ دلانے کے نام پر رقم دینے سے قبل متعلقہ سرکاری محکمہ یا ریکروٹمنٹ بورڈ سے معلومات کی تصدیق کریں۔ سرکاری تقررات سے متعلق تمام معلومات سرکاری ذرائع سے حاصل کرنا ہی محفوظ طریقہ ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button