نئی دہلی میں ساہتیہ اکیڈمی کے سالانہ جشنِ ادب ۲۰۲۱ء میں
اسلم مرزا کو پُروقار ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ تفویض
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)دہلی کو ہندوستان کی راجدھانی دہلی میں ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ ۲۰۱۹ء برائے ترجمہ نگاری کا شاندار پروگرام منعقد ہوا، جس میں اکیڈمی کے صدر پروفیسر چندر شیکھر کمبھار نے اورنگ آباد کے معروف شاعر، محقق، تاریخ داں اور بلندپایہ مترجم اسلم مرزا کو ان کے شاہکار منظوم مجموعۂ تراجم ’’مورپنکھ‘‘ کی تحسین میں باوقار ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ برائے ترجمہ ۲۰۱۹ء پیش کیا۔
’’مورپنکھ‘‘ مراٹھی زبان کے مشہور شاعر شری پرشانت اسنارے کی ۱۰۵؍نظموں کے مجموعے ’’میچ ماجھامور‘‘ کا اردو زبان میں آراستہ بے مثال ترجمہ ہے، جس کی ادبی دنیا میں زبردست پذیرائی ہوئی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب ساہتیہ اکیڈمی نے مراٹھواڑہ سے وابستہ اردو ادب کی کسی شخصیت کو باوقار ایوارڈ کے لیے منتخب کیا۔
تقسیم ایوارڈ کا پروگرام دہلی کے کمانی آڈیٹوریم، منڈی ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اس سے پہلے اکیڈمی کے سالانہ جشنِ ادب کا آغاز ہوا۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی ہندی کی معروف فکشن نگار چترامدگل تھیں۔ اجلاس میں ۲۶؍ہندوستانی زبانوں کے انعام یافتہ مترجمین نے اپنے تخلیقی تجربات کے بارے میں اظہارِخیال کیا۔
اردو ادب کی معروف شخصیت اسلم مرزا کو ساہتیہ اکیڈمی کی جانب سے اعزاز انفرادی حیثیت سے اور قومی سطح پر اردو ادب کے لئے باعثِ توقیر ہے۔




