تلنگانہ کی خبریں

اسمبلی میں کل چیف منسٹر کے اہم اعلانات متوقع

ملازمین کو تلنگانہملازمین کیلئے پی آر سی اور سبکدوشی کی عمر میں اضافہ ہوسکتا ہے

تلنگانہ: (اردودنیا.اِن)چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے 22 مارچ کو اسمبلی میں اہم اعلانات کرنے کا قوی امکان ہے۔ اسمبلی کا بجٹ سیشن جاری ہے۔ ہفتہ کو بجٹ مباحث کا آغاز ہوگیا ہے۔ پیر کو بھی اس پر مباحث ہوں گے۔ امکان ہے کہ پیر کو دوپہر میں چیف منسٹر بجٹ مباحث میں حصہ لیتے ہوئے خطاب کریں گے۔ ارکان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے اہم اعلانات کرنے کی توقع کی جارہی ہے۔

20 تا 31 فیصد فٹمنٹ بھی دیا جاسکتا ہے ۔ کے سی آر اعلان کرینگے

واضح رہے کہ 9 مارچ کو چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں سرکاری ایمپلائیز اور ٹیچرس کے نمائندوں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے پڑوسی ریاست آندھرا پردیش سے زیادہ فٹمنٹ 20 فیصد دینے مرکزی ملازمین کی ہیلت اسکیم ( سی ایچ ایس ) ریاستی ملازمین کیلئے متعارف کرنے ( سی بی ایس ) کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم ملازمین کے خاندان کو پنشن فراہم کرنے اور وظیفہ کی حد عمر میں اضافہ کرنے کے علاوہ دوسرے وعدے کئے گئے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ 20 تا 31 فیصد فٹمنٹ دینے کا جائزہ لیا جارہاہے۔ اس کے علاوہ ریاست میں کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ کے پیش نظر چند اہم فیصلے کرنے کا بھی امکان ہے۔

کورونا میں شدت کے پیش نظر اسکولس چلانے پر بھی فیصلہ ممکن

ریاست کے مختلف اضلاع کے اسکولس اور ہاسٹلس میں گذشتہ ایک ہفتہ سے کورونا کے کیسس میں اضافہ ہوگیا ہے۔ احتیاطی اقدامات کے طور پر چیف منسٹر چند اعلانات کرسکتے ہیں۔ آٹھویں جماعت تک باقاعدہ کلاسیس کی تعلیم روکنے کا بھی اعلان کیا جاسکتا ہے۔ طلبہ کو آگے کی کلاسیس کس طرح پروموٹ کیا جائے چیف منسٹر اس کی بھی محکمہ تعلیم کو ہدایت دے سکتے ہیں۔

اسٹیٹ الیکشن کمیشن کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ پی آر سی کے اعلان میں اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر کا ضمنی انتخابی ضابطہ اخلاق رکاوٹ نہیں بنے گا۔ یہ انتخابی ضابطہ اخلاق صرف ضلع نلگنڈہ کے حدود تک محدود ہے۔ اس کا ساری ریاست پر عمل نہیں رہے گا۔ ریاست میں دو گریجویٹس حلقوں کے کونسل انتخابات کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ پی آر سی کے اعلان سے ووٹرس پر یہ کوئی اثر انداز نہیں ہوگا۔

آندھرا پردیش میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کو تلنگانہ واپس لانے کی فائیل سرگرم ہے۔ محکمہ فینانس کے پرنسپل سکریٹری نے تلنگانہ کے کسی بھی علاقہ میں کام کرنے کیلئے تیار رہنے والے ملازمین کو انڈر ٹیکنگ کے تحت رخصت منظور کرنے کا آندھرا پردیش کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ انڈر ٹیکنگ حاصل کرنے کے بعد انہیں روانہ کردیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button