
کھمم: (اردودنیا.اِن)کھمم ضلع میں مختلف اسکولس میں زیر تعلیم 17 طلبا کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ضلع پریشد سکنڈری اسکول پیدا مانڈوا میں ساتویں سے نویں تک کے 11 طلبا اور سوشیل ویلفیر اقامتی اسکول بونکل کے چار طلبا کو کورونا پازیٹیو پایا گیا ہے ۔
اس کے علاوہ چنتا کانی اور کامے پلی میں ایک ایک اسکولی طالب علم پازیٹیو پایا گیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ایک سرکاری اسکول ٹیچر بھی کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ضلع ایجوکیشن آفیسر نے بتایا کہ مزید کچھ طلبا کے نمونے حاصل کئے گئے ہیں اور انہیں حیدرآباد روانہ کیا گیا ہے جن کی رپورٹ کا انتظار ہے ۔
علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ جو طلبا متاثر قرار دئے گئے ہیں انہیں قرنطینہ میں رکھ کر علاج کیا جا رہا ہے اور انہیں علاج کیلئے کٹس بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ ایک اور اطلاع میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ ضلع کریمنگر میں بھی اسکولی طلباء میں کورونا پھیل رہا ہے ۔ متحدہ ضلع کے مختلف مقامات پر اسکولس میں 37 طلبا کے کورونا پازیٹیو قرار دئے جانے کی بھی اطلاع ہے ۔



