نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)دہلی اور مہاراشٹرا سمیت ملک کے آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا انفیکشن کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ ان میں سے سب سے زیادہ مہاراشٹرا ، کیرالا اور پنجاب میں ہیں۔ گزشتہ تین دن میں ایک لاکھ سے زیادہ کورونا سے متاثرہ مریض پائے گئے ،بڑھتے ہوئے کیسزکے پیش نظر ریاستی حکومتوں نے سخت اقدامات کیا ہے۔
مدھیہ پردیش کے تین شہروں ، اندور ، بھوپال اور جبل پور میں تین گھنٹے کا لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ ہی مہاراشٹرا حکومت نے ناگپور میں لاک ڈاؤن میں 31 مارچ تک توسیع کردی ہے ، جبکہ گجرات اور پنجاب کے کئی شہروں میں نائٹ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ اس دوران متعدد ریاستوں نے اسکولوں اور کالجوں کو بند کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔کورونا کی رفتار کو روکنے کے لئے مدھیہ پردیش کے تین شہروں بھوپال ، اندور اور جبل پور میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے ،
جوہفتہ کی رات دس بجے سے شروع ہوچکا ہے اور پیر کی صبح چھ بجے تک جاری رہے گا۔ یہ لاک ڈاؤن ہر اتوار کو نافذ کیا جائے گا۔ اس مدت کے دوران صرف ایمرجنسی خدمات جاری رہیں گی۔ اس کے علاوہ ان تینوں شہروں کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں 31 مارچ تک کلاسز نہیں ہوں گی۔ تاہم اس مدت کے دوران آن لائن تعلیم حاصل کی جائے گی۔
محکمہ کے ڈپٹی سکریٹری پرمود سنگھ نے تینوں اضلاع کے کلکٹر اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو حکم جاری کیا ہے کہ کورونا وائرس کے انفیکشن میں اضافے کی وجہ سے ان اضلاع کے تمام سرکاری اور نجی اسکول بند رہیں گے ۔ تاہم تمام قسم کے امتحانات ، بشمول مسابقتی امتحانات پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
مہاراشٹرا کورونا سے سب سے متاثر ہواہے ۔
ریاستی حکومت نے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر کچھ رعایتوں کے ساتھ ناگپور میں جاری لاک ڈاؤن کو 31 مارچ تک بڑھا دیا ہے۔ پہلا لاک ڈاؤن 21 مارچ تک نافذ کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی پونے ، اورنگ آباد سمیت متعدد مقامات پر نائٹ کرفیو پہلے ہی نافذ کردیا گیا ہے۔
دریں اثنا ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ دسویں اور بارہویں کے امتحانات کو آف لائن منعقد کئے جائیںگے ، یعنی طلبہ کو امتحانی مراکز میں جانا ہوگا۔ گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی نے کہا ہے کہ گجرات میں دن کا کرفیو نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انفیکشن کی روک تھام کے لئے ماسک اور ویکسینیشن ہی واحد راستہ ہے۔
واضح رہے کہ کورونا کی نئی لہر کے پیش نظر گجرات حکومت نے احمد آباد ، بڑودرہ ، سورت اور راجکوٹ میں 31 مارچ تک نائٹ کرفیو نافذ کردیا ہے۔ سورت میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر نائٹ کرفیو کا وقت بڑھا کر رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک کردیا گیا ہے۔




