دہلی حکومت نے اسکولوں کو بند رکھنے کا دیا حکم
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کے پیش نظر دہلی حکومت کمربستہ ہوگئی ہے۔ دہلی حکومت نے حکم دیا ہے کہ یکم اپریل سے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سیشن کے لئے دہلی کے اسکولوں میں کوئی کلاسز نہیں ہوں گی۔ دہلی کے طلبہ کو اگلے احکامات تک اپنی تعلیم آن لائن جاری رکھنی ہوگی۔تاہم دہلی میں نویں سے بارہویں جماعت کے طلباء کو اسکولوں میں پریکٹیکل کلاسوں میں شرکت کے لئے بلایا جائے گا۔
اس کے علاوہ مڈ ٹرم امتحان ، پری بورڈ امتحان ، سالانہ اور بورڈ کے امتحانات ہی کے لیے طلب کیے جاسکتے ہیں۔ کورونا کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر اسکولوں میں طلبا کے لئے کلاسز شروع کرنے سے منع کیا گیا ہے۔دہلی کے نظام تعلیم نے کہا ہے کہ طلبہ کو صرف تعلیمی رہنمائی کے لئے بلایا جاسکتا ہے اور آئندہ امتحانات کی تیاری میں ان کی مدد کی جاسکتی ہے۔ اس کے لیے انہیں اپنے والدین سے رضامندی کا خط پیش کرنا ہوگا۔ اسکول اپنے نئے تعلیمی سیشن کو ورچوئل انداز میں شروع کرسکتے ہیں۔
اسکول حکام کو بتایا گیا ہے کہ وہ تمام طلباء اور والدین کو نئی تبدیلیوں کے بارے میں آگاہ کریں اور جب ضروری ہو تب ہی کلاسیز لیں۔ کلاس لینے کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔



