بین ریاستی خبریں

مہاراشٹرا میں کورونا کی صورتحال نازک، مرکز نے مدد کی یقین دہانی کرائی: شرد پوار

ممبئی :(اردودنیا.اِن) این سی پی صدر شرد پوار نے کہا کہ مرکز نے کورونا سے نمٹنے کے لیے مہاراشٹرا کی مدد کا یقین دلایا ہے۔ اس وقت مہاراشٹرا میں کورونا وائرس کی حالت سنگین ہے۔ پوار نے کہا کہ انہوں نے بدھ کے روز مرکزی وزیر صحت ہرشوردھن سے بات کی ، جنہوں نے مہاراشٹرا اور دیگر ریاستوں کو کورونا کی صورتحال سے نمٹنے میں مدد کی یقین دہانی کرائی۔

مہاراشٹر میں شیوسینا اور کانگریس کے ساتھ اتحاد میں پوار کی پارٹی حکومت میں شامل ہے۔پوار نے کہا کہ کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ اور زیر علاج مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد تشویشناک ہے اور اس صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت کے پاس پابندی لگانے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے ،

جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ نے کہا کہ مہاراشٹر میں صورتحال نازک ہوگئی ہے۔ میں تمام پارٹی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر تعاون کریں۔ شہریوں کے تحفظ کے لئے کچھ سخت اقدامات اٹھانا ضروری ہو گیا ہے۔پوار نے کہا کہ مہاراشٹر میں انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ہیلتھ ورکرز بہتر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے انفیکشن کے سلسلے کو توڑنے کے لئے ماہرین کے مشورے پر سخت پابندیاں عائد کرنے جیسے اقدامات کیے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button