مغربی بنگال میں 90 ڈرائیوراورگارڈکے کوروناسے متاثرہونے کے بعد لوکل ٹرینوں کا آپریشن متاثر
کولکاتہ:(اردودنیا.اِن)کورونا وائرس وبا کی دوسری لہر میں اب ریلوے کے اہلکار بھی آرہے ہیں۔ مشرقی ریلوے نے آج بتایا کہ 90 ڈرائیور اور گارڈ کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور اب تک انہوں نے سیالدہ ڈویژن کی 56 مقامی ٹرینوں کو منسوخ کردیا ہے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ فی الحال ہائوراڑہ ڈویژن کی ٹرینوں کی منسوخی کولے کر کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔
مشرقی ریلوے کے ترجمان ایکلویا چکرورتی نے بتایاکہ صورتحال بہت سنگین ہے۔ کوویڈ19 کی وجہ سے 90 ڈرائیور اورگارڈ ڈیوٹی پر نہیں آسکتے ہیں، ہمیں 56 مقامی ٹرینوں کو منسوخ کرنا پڑا ہے تاکہ سامان ٹرینوں اور ایکسپریس ٹرینوں کی خدمات متاثر نہ ہوں۔
انہوں نے کہاکہ جہاں تک ممکن ہوکم بھیڑ والی ٹرینیں رد کردی گئی ہیں، یہ اس لئے کیا گیا ہے کہ مسافروں کو کم سے کم پریشانی ہو۔مغربی بنگال میں کوویڈ19 کی وجہ سے لوکل ٹرین سروس سات مہینوں سے زیادہ کے لئے بند کردی گئی تھی۔ لوکل ٹرین سروس گذشتہ سال 11 نومبر 2020 کو دوبارہ شروع کی گئی تھی۔ کووڈ19 کے بڑھتے ہوئے معاملات کی وجہ سے حال ہی میں ہندوستانی ریلوے نے ایک بڑا اعلان کیا ہے۔



