رانچی:4/جنوری(اردونیانیوز)رانچی میں ڈرائی رن کے انعقاد کے بعد اب اس کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔ اس سلسلے میںپیر کو رانچی کے ڈی سی چھوی رنجن نے متعلقہ عہدیداروں سے ایک میٹنگ کی۔ اس دوران انہوں نے ہدایت کی کہ ہر بلاک میں ویکسی نیشن سینٹرکے لئے ضروری عمارتوں کو نشان زد کریں۔ڈی سی نے کہا کہ تمام انچارج میڈیکل آفیسر بلاک ڈویلپمنٹ آفیسر سے ملیں اور عمارتوں کو نشان زد کریں۔
انہوں نے عمارتوں کے نقشے کے ساتھ رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے بھی اس بارے میں تبادلہ خیال کیا کہ ویکسی نیشن سائٹ کہاں ہوگی ، ویکسی نیشن سینٹر میں انتظامات کیسے ہوں گے۔ڈی سی نے بتایا کہ جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق ، ویکسی نیشن سنٹر میں ہیلپ ڈیسک ایریا ، ویٹنگ ایریا ، ویکسی نیشن روم اور آبزرویشن روم ہونا چاہئے۔
انہوں نے ویکسی نیشن کے لئے ہر مرکز میں افرادی قوت کی ضرورت سے متعلق رپورٹ کے ساتھ متعلقہ افسر کو اگلی میٹنگ میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔میٹنگ کے دوران ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر انوپ نے پی پی ٹی کے ذریعہ ویکسی نیشن سنٹر کے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی۔
انہوں نے کہا کہ ایک ویکسی نیشن سنٹر میں چار ویکسی نیشن آفیسر اور ایک ویکسینیٹر ہوں گے۔ مرکز کا دورہ کرنے والے مستفید افراد کی تصدیق کے بعد ان کے ریکارڈ (Co Win) ایپ پر درج کیے جائیں گے۔ و یکسی نیشن کے مرکز میں آنے والے مستفید افراد کی شناخت فوٹو شناختی کارڈ کے ذریعہ کی جانی ہے۔