بین ریاستی خبریں

گوا میں کورونا بحران کے دوران وزیر صحت نے کیا لاک ڈاون کا مطالبہ

گوا:(اردودنیا.اِن) پورا ملک جہاں کورونا وائرس کا شکار ہے ، گوا بھی اس سے الگ نہیں ہے۔ گوا میں کورونا کے 2321 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، جبکہ 38 مریضوں کی موت ہوگئی ہے۔ اس وقت گوا میں 15260 فعال کیسزہیں۔ گوا کے وزیر صحت وشیوجیت رانے نے ان اعدادوشمار پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاست میں لوگوں کی جان بچانے کے لئے لاک ڈاؤن ضروری ہے۔

وزیر وشیوجیت رانے نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ماہرین سے بات چیت کرتے ہوئے یہ پتہ چلا ہے کہ اگلے 10 دنوں میں یومیہ200 سے 300 افراد کی موت متوقع ہے ، صورتحال کافی سنگین ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اعتماد ہے کہ وزیر اعلی اس کی درخواست پر غور کریں گے۔

تاہم اس پر وزیر اعلی پرومود ساونت نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے ، لیکن اب کہیں بھیڑ جمع ہونے پر کارروائی ہوگی۔معلومات کے مطابق گوا نے 30 اپریل تک رات میں کرفیو نافذ کردیا ہے اور دفعہ 144 نافذ کردیا ہے۔ جس کی وجہ سے اب پانچ سے زیادہ افراد کسی بھی جگہ جمع نہیں ہوسکیں گے۔

جبکہ شادی کی تقریب میں صرف 50 افراد شرکت کرسکیں گے ، جبکہ 20 افراد کو آخری رسومات میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button