مرکزی حکومت کو راجستھان کے سنگین حالات سے آگاہ کر دیا، مرکز کی مدد کا بھروسہ: اشوک گہلوت
جے پور:(اردودنیا.اِن)راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ ان کی سرکار مرکزی حکومت کو عالمی وبا کورونا کے سنگین حقائق کو بتانے میں کامیاب رہی، جس سے ریاست میں ایک مثبت ماحول بنا ہے اور اس نے ریاست کو پوری مدد کرنے کا بھروسہ دیا ہے۔ اشوک گہلوت نے یہ بات دہلی میں مرکزی وزرا اور افسران کے ساتھ ریاستی حکومت کے تین وزراء کے ایک گروپ سے ملاقات کے بعد ریاست میں کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اس سے نمٹنے کے لئے ضروری وسائل فراہم کرنے کے بعد کہی۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ تینوں وزراء کا دہلی کا دورہ مرکزی حکومت کو راجستھان میں انفیکشن کی سنگین صورتحال کی حقیقت بتانے میں کامیاب رہا۔ اس سے ایک مثبت ماحول پیدا ہوا ہے اور اب مرکزی حکومت ریاست کی صورتحال کو زیادہ سنجیدگی سے غور کرکے تمام ضروری وسائل کی فراہمی میں مدد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں ریاستی حکومت کورونا کی بڑھتی ہوئی منتقلی کی مدت میں راجستھانیوں کی زندگیاں بچانے کے لئے کی جا رہی کوششوں کا بہتر انتظام کر سکے گی۔انہوں نے کہا کہ منگل کے روز مرکزی حکومت کے وزراء اور افسران کے ساتھ ریاست کے تین کابینہ وزراء کی دن بھر کی ہونے والی میٹنگوں میں ریاستی حکومت نے کووڈ19 کی موجودہ صورتحال کی مکمل تفصیلات مرکزی حکومت کے ساتھ شیئر کیں اور جتنی جلدی ممکن ہو سکے،
آکسیجن گیس، اس کی ترسیل اورآمدرفت کے لئے ٹینکروں اور دیگر ضروری ادویات کی فراہمی میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ تمام مرکزی حکام نے ریاست کی ضروریات کو سمجھ لیا ہے اور مکمل مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔



