سیاسی و مذہبی مضامین

"پاکیزہ کردار کی طاقت”

 

کردار کی طاقت” از: شوکت شیخ، اورنگ آباد

برطانوی صحافی تھیونس بیٹس نے اپنے آرٹیکل (aolnews.com) میں یورپ کے نامور سماجی اسکالر ایچ اے ہیلر کے حوالے سے لکھا ہے کہ اب مغربی تہذیب کو اسلامی تہذیب اور مغربی ملکوں میں ان قیام پذیر مسلمانوں سے جو اپنی تعلیمات اور مذہبی اقدار پر سختی سے عمل پیرا ہیں، خطرہ درپیش ہے۔

اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا افراد سے خوف کی ایک بنیادی وجہ یہ ہے کہ اسلام کا بنیادی عقیدہ توحید دو ٹوک ہے، عبادات بے جا تکلفات اور رسوم و رواج کی پابندی سے بے نیاز ہے اور با عمل مسلمانوں کی زندگیاں اس کی ترجمان ہیں۔ یہ اور اس نوعیت کی دیگر اسلامی سرگرمیاں اپنے اندر کشش رکھتی ہیں اور مخالف مذہب افراد کو متاثر کرنے کی صلاحیت بھی، بلکہ بعض افراد تو دائرہ اسلام میں ہو جاتے ہیں اور حقیقت بھی یہی ہے مگر میڈیا اس صورت حال کو بڑے پیمانے پر مسخ کر کے پیش کرتا ہے اور حقائق سے چشم پوشی بھی کرتا ہے جس کی کوکھ سے طرح طرح کے اشکالات اور شبہات جنم لیتے ہیں۔

یہ پروپیگنڈہ کہ مغرب میں اسلام اور مسلمانوں سے نفرت بڑھ رہی ہے اسلام دشمن عناصر کا موثر ہتھیار ہے۔ اس کا مقصد اسلام اور مسلمانوں کے خلاف شکوک و شبہات کے ساتھ ان کے خلاف نفرت و عداوت کی راہ ہموار کرنا ہے تاکہ اس کی طرف کسی کا قدم بڑھ نہ سکے مگر اسے مخالفین اسلام کی بد قسمتی کہئے کہ انھیں اس معاملہ میں کامیابی نہیں مل پا رہی ہے۔

اسلام کی دعوت اور اس کی نشر و اشاعت میں پاکیزہ کردار ایک کارگر اسلحہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ اسلامی تعلیمات اور مذہبی اقدار پر کاربند مسلمان سے اہل مغرب کے خوف زدہ ہونے کا ایک اور سبب یہ ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ دائرہ اسلام کی توسیع ہو اور اس ملک کے باشندے اس کی برتری تسلیم کرنے پر آمادہ ہو جائیں۔ اس طرح کی مخالفت جب شدت اختیار کر لیتی ہے تو بے عمل مسلمان بھی با عمل بننے لگتے ہیں جیسا کہ مذکورہ برطانوی صحافی نے اسی آرٹیکل میں ایک اور مبصر ریئم اسپائلہاس کے حوالے سے لکھا ہے”ان کے اس رویہ کا نتیجہ یہ ہے کہ اب وہ مسلمان جو شراب اور خنزیر کا استعمال کرتے تھے ان سب کاموں کو چھوڑ کر اپنی مسلم شناخت کی طرف لوٹ رہے ہیں”۔

غرض جب تک ہماری زندگیاں اسلامی تعلیمات کا نمونہ پیش نہیں کرتی دعوت دین کا کام کما حقہ انجام نہیں پا سکتا، اخلاق و کردار کا عملی مظاہرہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور مخالفین مذہب کا خاموش جواب بھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button