کرناٹک بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کانگریس نے 10 میں سے سات بلدیات میں کامیابی حاصل کی
بنگلورو:(اردودنیا.اِن)کورونا وائرس بحران کے درمیان کرناٹک میں برسر اقتدار پارٹ بی جے پی کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کرناٹک کے بلدیاتی انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انتخابات میں ہونے والے 10 بلدیاتی اداروں میں سے کانگریس نے 7 میں کامیابی حاصل کی۔ بی جے پی نے صرف ایک پر کامیابی حاصل کی ۔ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی سے کانگریس میں خوشی کا ماحول ہے۔ کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیو کمار نے 10 میں سے سات مقامات پر پارٹی کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
شیو کمار نے کہا کہ کانگریس نے 10 میں سے 7 پر کامیابی حاصل کی ہے۔ بی جے پی نے صرف ایک ہی سیٹ پر کامیابی حاصل کی ہے۔ لوگوں نے کانگریس پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ، جس کا میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جبکہ عوام نے بی جے پی کوانتشار پھیلانے کے لیے سزا دی ہے ۔ مجموعی طور پر بلدیاتی انتخابات میں کانگریس کو 119 نشستیں ملی ہیں۔
بی جے پی کو 56 اور جے ڈی ایس کو 67 سیٹیں ملی ہیں۔ریاستی کانگریس کے صدر شیو کمار نے کرناٹک میں پارٹی کارکنوں اور قائدین سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی طرح کا جشن نہ منائیں اور کورونا کی وبا سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال میں لوگوں کی مدد کریں۔



