یو پی سے کورونا مریض کی حیدرآباد کو منتقلی,فلموں کے ویلن اداکار سونوسود اصل زندگی میں ہیرو
تلنگانہ:(اردودنیا.اِن)فلموں کے ویلن بالی ووڈ اداکار سونوسود اصل زندگی میں ہیرو کا رول ادا کررہے ہیں۔ حکومتوں و سرکاری مشنری سے مایوس ملک کے عوام سونوسود سے مدد طلب کر رہے ہیں اور وہ ’میں ہوں نا‘ کہتے ہوئے ہر ایک کی مدد کرکے انسانی ہمدردی کی مثال پیش کررہے ہیں۔ ایسے ہی ایک واقعہ میں انہوں نے اترپردیش سے تعلق رکھنے والے کیلاش اگروال کی مدد کی ہے جو چار دن قبل کورونا سے متاثر ہوگئے تھے اور انہیں سانس لینے میں تکلیف محسوس ہورہی تھی۔
آکسیجن کا لیول 60-70 کے درمیان پہنچ گیا تھا۔ کیلاش کے رشتہ داروں نے اسے ہاسپٹل میں شریک کرانے کی کوشش کی مگر بیڈس دستیاب نہیں تھے۔ گاؤں والوں نے ٹوئیٹر پر سونوسود کو اطلاع دی جس پر سونو نے جمعہ کو صبح کیلاش اگروال کے گھر کو ایمبولنس روانہ کیا اور انہیں گھر سے جھانسی ایرپورٹ منتقل کیا گیا جہاں کیلاش ایرایمبولنس کے ذریعہ حیدرآباد پہنچ گیا۔ حیدرگوڑہ اپولو ہاسپٹل کی ایمبولنس تب تک ایرپورٹ پر تیار تھی جہاں سے مریض کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ فی الحال کیلاش وینٹی لیٹر پر ہے۔ سینئر ڈاکٹرس کی نگرانی میں زیرعلاج ہے۔
ہاسپٹل انچارج موہن ویموری نے بتایا کہ سونوسود نے جھانسی سے چار دن قبل کورونا کے دو متاثرین کو حیدرآباد منتقل کرکے ان کی مدد کی ہے۔ سونوسود ڈاکٹرس سے بات کررہے ہیں اور متاثرین کی صحت بہتر ہونے پر اطمینان کا اظہار کررہے ہیں۔



