تریونت پورم:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کیرالا کے تجربہ کار سیاستدانوں میں سے ایک کے آر گوہری اماں کامنگل کو انتقال ہوگیا۔ وہ 102 سال کی تھیں اور ایک طویل عرصے سے علیل تھیں۔ اسپتال سے موصولہ اطلاعات کے مطابق انہوں نے منگل کی صبح سات بجے کے قریب آخری سانس لی۔ حال ہی میں جب ان کی طبیعت خراب ہوئی تو انہیں نجی اسپتال میں داخل کرایا گیاتھا۔
کے آر گوری کی موت کے بعد ان کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔کے آر گوہری اماں سال 1957 میں ای ایم ایس نمبودری پاد کی سربراہی میں پہلی کمیونسٹ حکومت کی ممبرتھیں۔ ان کا نام کیرالہ کی طاقتور ترین خواتین لیڈران کی فہرست میں شامل ہے۔ وہ پہلے کیرالہ قانون ساز اسمبلی کی واحد زندہ رکن تھیں۔ وہ کیرالہ کی پہلی آمدنی وزیر بھی تھیں۔ 1994 میں انہیں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) سے نکال دیا گیا، جس کے بعد انہوں نے اپنی پارٹی تشکیل دی۔
سال 1957 میں انہوں نے بھومیکا اصلاحاتی بل بھی منظور کیاتھا۔ انہوں نے کیرالہ کی سیاست میں سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دی۔ انہوں نے بہت چھوٹی عمر میں ہی سیاست میں قدم رکھا اور دیکھتے دیکھتے ایک الگ مقام حاصل کیا۔ کسان تحریک اور ٹریڈ یونین تحریک کے وقت انہیں جیل بھی جانا پڑا۔ 1994 میں انہوں نے جنادھیپاتھ سنرکشن سمیتی (جے جے پی) تشکیل دی۔
ان کی شادی ٹی وی تھامس سے ہوئی تھی۔ وہ 14 جولائی 1919 کو ساحلی علاپوزہ کے پٹناککد گاؤں میں پیداہوئی تھیں۔ انہیں بچپن سے ہی سیاست میں دلچسپی تھی۔ وہ بیباک ہوکر اپنے خیالات پیش کرتی تھیں۔ سال 1952 اور 1954 میں وہ تراواناکور-کوچی اسمبلی سیٹ سے منتخب ہوئی تھیں۔



