مغربی بنگال میں نہیں تھم رہاہے تشددکادور، اب ہگلی ضلع میں ٹی ایم سی لیڈر کوماری گولی
کولکاتہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مغربی بنگال کے ہگلی ضلع میں منگل کو نامعلوم شرپسندوں نے ترنمول کانگریس کے لیڈر کو گولی مار کر زخمی کردیا۔ پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ایک مقامی مارکیٹ میں سبزی خرید رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ بنس بیریا بلدیہ کے سابق نائب صدر آدتیہ نیاگی کو تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں سے انہیں کولکاتہ ریفر کردیا گیا۔
بی جے پی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ یہ واقعہ حکمراں جماعت کے اندر گروپ بندی کا نتیجہ ہے۔ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کے ممبر اسمبلی اور سابق وزیر تپن داس گپتا نے کہاکہ بھگوا پارٹی کے کارکنان نے حملہ کیا، جس میں ترنمول کانگریس کے کچھ غدار بھی شامل تھے جنھیں حالیہ انتخابات کے دوران بھڑکا دیا گیا تھا۔
اس واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بنس بیریا کے علاقے میں ٹی ایم سی کے کچھ کارکنوں نے مظاہرہ کیا۔ افسر نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر پولیس کی تعیناتی کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے اور جلد ہی شرپسندوں کو گرفتار کرلیا جائے گا۔



