ممبئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مہاراشٹراکے جلگاؤں میں بی جے پی کے چھ کونسلر شیوسینا میں شامل ہوئے ہیں، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ مہاراشٹرا این سی پی رہنما ایکناتھ کھڈسے کے قریبی ہیں۔جلگاؤں سے تعلق رکھنے والے کھڈسے پچھلے سال بی جے پی سے الگ ہوکرنیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) میں شامل ہوئے تھے۔ اس سے قبل دیویندر فڑنویس کی زیرقیادت ریاستی وزارت سے 2016 میں زمین کے حصول کے الزامات کے تحت انہیں غیر سرکاری طور پر ہٹا دیا گیا تھا۔
مہاراشٹرا میں شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کی مخلوط حکومت ہے۔وزیر مملکت ایکناتھ شندے نے بدھ کے روز ٹویٹ کیا کہ ممبئی میں وزیر اعلی ادھوو ٹھاکرے کی موجودگی میں مکتائی نگر میونسپل کونسل کے چھ بی جے پی کونسلر پیوش بھاگوت مہاجن، مکیش وانکھیڑے، سنتوش پرہلاد کولی، یونس خان، عارف آزاد اور نور خان شیوسینا میں شامل ہوگئے۔ وزیر مملکت اور شیوسینا کے رہنما گلاب رائو پاٹل نے جمعرات کو بتایا کہ کونسلر اپنی مرضی سے شیوسینا میں شامل ہوئے ہیں۔



