تمل ناڈو :وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن کاکورونا میں ہوئے یتیم بچوں کو 5 لاکھ روپئے دینے کا اعلان
چنئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے کورونا کے سبب اپنے والدین سے محروم بچوں کے لئے 5 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ حلف برداری کے بعد اپنے عہدہ سنبھالنے کے بعد اسٹالن سب سے پہلے ہر خاندان کو کورونا امداد کے طور پر چار ہزارروپے فراہم کرنے کے حکم پر دستخط کیے تھے۔اس کے بعد 12 مئی کو اسٹالن نے کورونا مریضوں کے علاج کے دوران ڈیوٹی پر اپنی جان سے ہاتھ دھو نے والے ڈاکٹروں کے اہل خانہ کو معاوضے کا اعلان کیاتھا۔
انہوں نے ڈاکٹروں کے اہل خانہ کو 25 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔ اسٹالن نے میڈیکل سروس کے اہلکاروں کو بھی مراعات دینے کا اعلان کیا جو کووڈ مریضوں کے علاج میں شامل تھے۔تین ماہ اپریل، مئی اور جون یعنی جب سے دوسری لہر کا آغاز ہوا ہے اس وقت سے ڈاکٹروں کو 30000 روپئے نرسوں اور ٹرینی ڈاکٹروں کو 20000 روپئے دیئے جائیں گے۔
اس کے علاوہ اسٹالن نے حال ہی میں ریاست میں کورونا کے باعث ہلاک ہونے والے اہل خانہ کو دی جانے والی معاوضے کی رقم 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپئے کردی ہے۔ وزیراعلیٰ نے وبائی امراض سے متعلق رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو دی جانے والی رقم کو 3000 روپئے سے بڑھا کر 5 ہزارروپئے کردیا تھا۔



