تلنگانہ کی خبریں

یوٹیوب کی ویڈیو دیکھ کر نقلی کرنسی نوٹس کی تیاری۔تلنگانہ میں ایک جوڑا گرفتار

تلنگانہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوٹیوب کی ویڈیو دیکھ کر نقلی کرنسی نوٹس تیار کرنے والے جوڑے کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع ورنگل میں پیش آیا۔پولیس نے بتایا کہ رمیش اور اس کی بیوی سرسوتی نے آسانی کے ساتھ امیر بننے کے لئے ایسا کام کیا۔ان کو یوٹیوب میں نقلی نوٹوں کی تیاری کا طریقہ ایک ویڈیو کے ذریعہ معلوم ہوا جس کے بعد انہوں نے اسکینر،کلر پرنٹراور بانڈ پیپر کی بھی خریداری کی۔

یوٹیوب کے طریقہ کار کے مطابق انہوں نے کلر پرنٹر کی مدد سے دو ہزارروپئے کی نقلی نوٹس کو تیار کیا۔بعد ازاں ان کو مارکٹس میں پھیلایاگیا۔اس سلسلہ میں پولیس کو بعض افراد کی جانب سے شکایت کی گئی جس پر پولیس نے چوکسی اختیار کی اور نقلی نوٹس کی تیاری کرنے والے اس جوڑے کو حراست میں لے لیا۔پولیس نے اس جوڑے کے پاس سے بڑی تعداد میں نقلی نوٹس کے ساتھ ساتھ ان کی تیاری کے لئے استعمال ہونے والے آلات کو ضبط کرلیا۔

ورنگل کے کمشنر پولیس ترون جوشی نے اس جوڑے کو ضبط شدہ نقلی نوٹس کے ساتھ میڈیا کے سامنے پیش کیا۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ضلع کے تلک روڈ کاشی بگا علاقہ میں یہ جوڑا رہتا تھا۔اس جوڑے کے مکان پر چھاپہ ماراگیااور دس لاکھ سے زائد مالیت کی نقلی نوٹس ضبط کی گئیں۔انہوں نے کہاکہ گذشتہ تین ماہ سے یہ جوڑا نقلی کرنسی نوٹس کی تیاری کا کام کررہا تھا۔انہوں نے کہاکہ نقلی نوٹس کی تیاری کے لئے بانڈ پیپر کا استعمال کیا جارہا تھا جس کے بعد اصلی نوٹس کے سائز کے مطابق ان نقلی نوٹس کو کاٹ کر رکھاجارہا تھااور پھر ان کو بازار میں پھیلایاجارہا تھا۔

انہوں نے کہاکہ اس جوڑے نے تاحال بازاروں میں 15تا20ہزار روپئے نقلی کرنسی نوٹ چلائے ہیں۔انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ چوکس رہیں۔اگر کسی بھی چیز کی خریداری یا فروخت کے موقع پر یہ محسوس ہوا کہ کرنسی نوٹس نقلی ہیں تو اس بات کی اطلاع فوری طورپر پولیس کو دی جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button