بین ریاستی خبریں

بھاجپالیڈر شوبھندو ادھیکار ی اور اس کے بھائی پر چوری کا الزام ، ایف آئی آر درج

کولکاتا:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مغربی بنگال کے بی جے پی لیڈر شوبھندو ادھیکاری اور ان کے بھائی سومندو کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے میونسپلٹی سے ریلیف سامان( ترپال) چوری کیا ہے۔ کانٹھی میونسپل انتظامیہ بورڈ کے ممبر ، رتن دیپ منا نے یکم جون کو کانٹھی پولیس اسٹیشن میں بی جے پی رہنما اور اس کے بھائی کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔

سومندو کانٹھی میونسپل کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں ۔ شکایت میں کہا گیا کہ شوبھندو اور اس کے بھائی سومندو کے کہنے پر میونسپلٹی کے دفتر کے گودام کا تالا زبردستی کھولا گیا ، اور یہاں سے سرکاری ترپال لیا گیا تھا۔ جس کی قیمت تقریباً ایک لاکھ روپے بتائی جارہی ہے۔ شکایت میں بتایا گیا کہ بی جے پی لیڈر نے چوری کے دوران سنٹرل آرمڈ فورس کا استعمال بھی کیا۔ یہ معاملہ اس دن درج کیا گیا ،جب شوبھندو کے ایک قریبی شخص کو کولکاتا پولیس نے دھوکہ دہی کے ایک معاملہ میں گرفتار کیا تھا۔

رکھال بیرا کو، 2019 میں وزارت آبپاشی اور محکمہ آبی گزرگاہ میں ملازمت کا جھانسہ دے کر ٹھگنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ اس نے دو لاکھ روپے لئے تھے، لیکن پھر بھی اسے نوکری نہیں دلوائی ۔خیال رہے کہ ترنمول کانگریس سے ترک تعلق کرکے بی جے پی خیمہ میں جانے والے شوبھندو نے اسمبلی انتخابات میں نندی گرام سیٹ پر وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کو 1956 ووٹوں سے شکست دی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button