
کیرالہ: بی جے پی کے لئے نئی پریشانی پارٹی سربراہ سریندرن کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کاعدالتی حکم
تراونت پورم:(اردودنیا/ایجنسیاں)کیرالہ میں ریاستی بی جے پی کے لئے پریشانی اٹھ کھڑی ہوئی ہے ،کیونکہ ریاستی پارٹی کے سربراہ کیخلاف بدھ کو ایک عدالت نے ایف آئی آر درج کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے بی جے پی کے ریاستی سربراہ کے سریندرن کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے ۔
واضح ہو کہ سریندرن پر الزام ہے کہ انہوں نے جنتا پتھ راشٹریہ پارٹی (جے آر پی) کے رہنما سی کے جانو کو این ڈی اے کے ٹکٹ پر سلطان باتھیری حلقہ سے انتخاب لڑنے کے لئے رقم کی پیش کش کی تھی۔
اس سے قبل کیرالہ پولیس نے بی جے چی سرابرہ کے سریندرن کیخلاف حال ہی میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں منجیشور سیٹ سے نامزدگی واپس لینے کے لئے دھمکانے اور رشوت دینے کے الزام میں7 جون کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ کیرالہ میں 6 اپریل کو اسمبلی انتخابات ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق یہ معاملہ مانجیشورم نشست سے سریندرن کیخلاف انتخاب لڑنے والے سی پی آئی (ایم) کے امیدوار وی وی رامیسن کی جانب سے ایک درخواست پر مجسٹریٹ عدالت کی ہدایت پر درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ مقدمہ تعزیرات ہند کی دفعہ 171 (بی) اور (ای) کے تحت درج کیا گیا ہے ، جس میں رشوت کے لین دین کا معاملہ ہے، عدالت نے کہا ہے کہ وارنٹ کے بغیر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لانی چاہئے۔



