
جی او 46 پر جاریہ تعلیمی سال بھی عمل کرنے حکومت کا فیصلہ
حیدرآباد:(اردودنیا/ایجنسیاں)تلنگانہ حکومت نے کورونا کی صورتحال کے پیش نظر خانگی تعلیمی اداروں کو فیس کی وصولی کے سلسلہ میں سابق میں جاری کردہ جی او 46 پر جاریہ تعلیمی سال بھی عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں اندرون دو یوم احکامات جاری کئے جائیں گے۔ کورونا کی پہلی لہر کے موقع پر حکومت نے خانگی تعلیمی اداروں کو طلبہ کے سرپرستوں سے فیس کی وصولی میں اصرار نہ کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔
تعلیمی سال 2019-20 میں موجود فیس کو جاریہ سال بھی جاری رکھنے اور فیس میں کوئی اضافہ نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تعلیمی ادارے صرف ٹیوشن فیس وصول کرسکتے ہیں اور وہ بھی انہیں ماہانہ اساس پر وصول کرنا ہوگا۔ گزشتہ سال حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر بعض کارپوریٹ اور بڑے اسکولوں کو نوٹس جاری کی گئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ 11 اسکولوں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔
ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی عنقریب خانگی تعلیمی اداروں کے انتظامیہ کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے جی او 46 کے مطابق فیس وصول کرنے کی ہدایت دیں گی۔



