مدھیہ پردیش میں شدید بارش کا امکان محکمہ موسمیات نے پانچ اضلاع کے لئے الرٹ جاری کیا
بھوپال ،25؍ جون:(اردودنیا/ایجنسیاں) #مدھیہ پردیش میں مانسون آہستہ آہستہ سرگرم ہوتا جارہا ہے۔ بیشتر شہروں میں بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے متعدد اضلاع میں موسلا دھار #بارش اور گرج چمک کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے۔ بھوپال کے محکمہ موسمیات سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اُجین، بھوپال، جبل پور، پچمڑھی، بیتول، نارسنگھ پور، ستنا، چھندواڑہ، ساگر، دموہ، ٹیکم گڑھ، منڈلا، گونا، کھجوراہو، شاج پور میں بارش ہوئی ہے۔
اس دوران پچ مڑھی میں سب سے زیادہ 98 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔بارش کے باعث درجہ حرارت میں بھی کمی ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یکم جون سے 25 جون تک مدھیہ پردیش میں معمول سے 79فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ تاہم ریاست کے بہت سے ایسے اضلاع اب بھی موجود ہیں جہاں لوگ مونسون کی بارش کے منتظر ہیں۔ ان اضلاع میں گوالیار، پنّا، دھار، علی راج پور، بڑوانی، کھرگون اور برہان پور شامل ہیں جن میں اب تک اچھی بارش نہیں ہوئی۔
اس کے ساتھ ہی #بھوپال محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بہت سے اضلاع کے لئے الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شاہڈول، کٹنی، سیونی، منڈلا، بالا گھاٹ، ہوشنگ آباد، بیتول، کھرگون، علی راج پور، جھابوا ، اُجین، دیواس میں تیز بارش کے لئے ’یلوالرٹ‘ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ بھوپال، ریوا، جبل پور، گوالیار اور چمبل ڈویژنوں میں بھی بجلی گرنے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔



